نئی دہلی:کانگریس کی اترپردیش کی انچارج پرینکا گاندھی واڈرا نے ریاستی یونٹ کے محکمہ پسماندہ طبقات کی جانب سے منعقد ‘ندی ادھیکار یاترا’ کی تعریف کرتے ہوئے ہفتہ کو کہا کہ یہ لڑائی نشاد برادری کے روزگار سے منسلک ہے لہٰذا اس جد و جہد میں وہ پارٹی کارکنان کیساتھ کھڑی ہیں۔ پرینکا نے یہاں کہا کہ اترپردیش کانگریس، محکمہ پسماندہ طبقات کی ‘ندی ادھیکار یاترا’ 19 دن سے 418 کلومیٹر چل کر نشاد سماج کے درمیان جا کر ان کے حق کی آواز اٹھا رہی ہے ۔ نشاد ندیوں کے راجہ اور محافظ ہیں۔ ندی کے وسائل پر ان کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا،‘نشاد سماج کے گاؤں سے ایک ہی آواز اٹھ رہی ہے کہ ان کے سکھ دکھ کی ساتھی ندیوں کے وسائل بالو، مچھلی، ندی کنارے کی زمین وغیرہ کے استعمال کو بڑے سرمایہ کاروں، ٹھیکیداروں کے قبضے سے نکال کر نشادوں کو ان کے استعمال کا حق ملنا چاہیے ۔