کانگریس اقتدار میں ملک کو کئی مسائل کا سامنا تھا : وزیر اعظم

   

ملک و ریاست کی ترقی کیلئے بی جے پی کو ووٹ دینے کی اپیل، ورنگل میں انتخابی جلسہ سے خطاب

ورنگل /8 مئی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) وزیر اعظم نریندر مودی نے ورنگل کے مامنور علاقہ لکشمی پورم میں ورنگل اور محبوب آباد پارلیمانی انتخابات میں بی جے پی امیدوار کی تائید میں منعقدہ جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کاکتیہ حکمرانوں کی راجدھانی ورنگل کی عوام نے بی جے پی کو مشکل وقت میں ساتھ دیا ہے ۔ پارلیمنٹ میں جب بی جے پی کے 2 لوک سبھا امیدوار کامیاب ہوئے جن میں سے ایک ہنمکنڈہ ایم پی بی جے پی کا ہوتا تھا ۔ انہوں نے کانگریس پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس اقتدار میں گھوٹالے ، بم بلاسٹ ہوا کرتے تھے ۔ ملک کئی ایک مسائل کا سامنا کر رہا تھا ۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ ملک اور ریاست کی ترقی کیلئے بی جے پی کو ووٹ دیں ۔ انہوں نے راہول گاندھی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ان کے ایک ساتھی امریکہ میں رہتے ہیں وہ انہی کے مشوروں پر کام کرتے ہیں ۔ انہوں نے ٹرئبل آئی ٹی یونیورسٹی کے قیام میں رکاوٹ کا کانگریس پر الزام عائد کیا ۔ بی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ کے چندر شیکھر راؤ نے 2014 میں دلت چیف منسٹر بنانے کا وعدہ کیا تھا ۔ وہ پورا نہیں کرسکے ۔ دلت بندھو اسکیم کے تحت دلت عوام کا بھروسہ توڑا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ مادیگا سماج کے ساتھ ہو رہی ناانصافی کے خلاف مودی حکومت کھڑی ہے ۔ ہلدی بورڈ کے قیام سے کسانوں کی مدد کی گئی ۔ ریاست تلنگانہ کا خزانہ خالی ہوچکا ۔ اس کو بھرنے کیلئے عوام پر آر آر ٹیکس عائد کیا جائے گا ۔ جس میں سے آدھا حصہ دہلی اور آدھا حیدرآباد کے آر نام والے شخص کو جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت کمزور طبقات کے تحفظات میں کمی کرکے مسلمانوں کو تحفظات دینا چاہتی ہے ۔ اس موقع پر انہوں نے ضلع بی جے پی صدر نوین کمار ، ورنگل پارلیمنٹ امیدوار آروری رمیش ، محبوب آباد امیدوار ڈاکٹر سیتارام نائیک ، ایرابلی پردیپ کمار راؤ ، راؤپدما ، مرکزی و ریاستی بی جے پی قائدین کے علاوہ دیگر موجود تھے ۔