مسلم بندھو اسکیم کا مطالبہ، کُل جماعتی قائدین کی شرکت
حیدرآباد۔/17 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس کے اقلیتی قائدین نے تلنگانہ میں دلت بندھو کی طرز پر مسلم بندھو اسکیم کا مطالبہ کرتے ہوئے 20 مئی کو دھرنا چوک اندرا پارک پر کُل جماعتی جلسہ عام کا فیصلہ کیا ہے۔ سکریٹری پردیش کانگریس کمیٹی محمد راشد خاں نے میڈیا کے نمائندوں کو بتایا کہ کانگریس پارٹی نے مسلم بندھو اسکیم کے آغاز کیلئے کے سی آر حکومت کو مہلت دی تھی لیکن انہوں نے اسکیم کا اعلان نہیں کیا۔ راشد خاں نے کہا کہ حکومت پر دباؤ بنانے کیلئے 20 مئی کو دھرنا چوک پر صبح 11 تا شام 4 بجے جلسہ عام منعقد ہوگا جس میں ہم خیال سیاسی جماعتوں کے قائدین شرکت کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں مسلمان تعلیمی اور معاشی طور پر پسماندہ ہیں۔ مسلم بندھو اسکیم کے ذریعہ مسلمانوں کی معاشی ترقی کو یقینی بنایا جاسکتا ہے۔ دلت بندھو اسکیم کا اعلان خوش آئند ہے تاہم کے سی آر حکومت کو چاہیئے کہ وہ دلتوں سے زیادہ پسماندہ مسلمانوں کی بھلائی کی فکر کریں۔ راشد خاں نے کہا کہ سیکولر ذہنیت رکھنے والے ہندو قائدین بھی اس مطالبہ کی تائید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے گذشتہ 9 برسوں کے دوران مسلمانوں کی تعلیمی اور معاشی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی۔ فلاحی اسکیمات پر عمل آوری ٹھپ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر الیکشن سے قبل مسلم بندھو اسکیم کا اعلان نہیں کیا گیا تو کانگریس پارٹی احتجاج منظم کرے گی۔ر