ریاست کی ترقی اور عوام کی بھلائی برداشت نہیں، سیاسی مقصد براری کیلئے الزام تراشی
حیدرآباد۔/20 مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر فینانس ہریش راؤ نے کہا کہ بی جے پی اور کانگریس قائدین میں شعور کی کمی ہے جس کے نتیجہ میں وہ ریاست کی ترقی اور فلاح و بہبود کو قبول کرنے تیار نہیں ہے۔ گجویل میں مختلف ترقیاتی پروگراموں میں حصہ لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے ہریش راؤ نے کہا کہ دونوں پارٹیاں عوام کی ترقی اور بھلائی کو برداشت کرنے کے موقف میں نہیں اور حکومت پر بے بنیاد الزام تراشی کے ذریعہ سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتی ہیں۔ ہریش راؤ نے کہا کہ پراجکٹس میں بے قاعدگیوں کا الزام دراصل سیاسی مقصد براری کا حصہ ہے۔ کانگریس دور حکومت میں آبپاشی پراجکٹس کی تعمیر کے علاوہ ذخائر آب اور تالابوں کے تحفظ پر کبھی بھی توجہ نہیں دی گئی۔ کے سی آر کی قیادت میں ٹی آر ایس حکومت نے کالیشورم پراجکٹ مکمل کرتے ہوئے خشک سالی کا حل تلاش کرلیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 80 ہزار سے زائد مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے ذریعہ بیروزگار نوجوانوں کیلئے خوشخبری دی گئی ہے۔ سابق میں اس قدر بڑی تعداد میں تقررات کا کوئی ریکارڈ موجود نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے کرشنا اور گوداوری کے پانی کے موثر استعمال کے ذریعہ پینے کے پانی اور آبپاشی ضرورتوں کی تکمیل کی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ کانگریس اور بی جے پی قائدین کے بیانات سے عوام خود برہم ہیں کیونکہ عوام حقیقت حال سے واقف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت نے گزشتہ سات برسوں میں تلنگانہ کی ترقی کیلئے کوئی مدد نہیں کی۔ آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون کے تحت کئے گئے وعدوں کی تکمیل نہیں کی ہے۔ ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ میں ٹی آر ایس کام کی بنیاد پر دوبارہ برسراقتدار آئے گی۔اس موقع پر ضلع پریشد صدر نشین راجیشوری، ارکان مقننہ یادو ریڈی، رگھوتم ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی۔ ر