زعفرانی جماعت کی ہدایت پر ریونت ریڈی کی ڈاؤس میں اڈانی سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 18 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے بی آر ایس کو شکست دینے کے لیے کانگریس اور بی جے پی میں خفیہ اتحاد ہوجانے کا الزام عائد کیا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے ڈاؤس میں اڈانی سے ملاقات کرلینے کا دعویٰ کیا ۔ آج تلنگانہ بھون میں حلقہ لوک سبھا محبوب نگر کے پارٹی قائدین کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ بی جے پی کے قائد بنڈی سنجے نے حال ہی میں اعلان کیا ہے کہ بی جے پی اور کانگریس مل کر لوک سبھا انتخابات میں بی آر ایس کو شکست دیں گے ۔ تلنگانہ اسمبلی انتخابات سے قبل ریونت ریڈی نے اڈانی پر ملک کے اثاثہ جات کو لوٹ کر مودی اور بی جے پی کے حوالے کرنے کا الزام عائد کیا تھا لیکن اب ڈاؤس میں چیف منسٹر اے ریونت ریڈی اڈانی کو ہنستے ہوئے گلے لگا رہے ہیں ۔ کے ٹی آر نے کانگریس پر مفاد پرستی کی سیاست کرنے کا الزام عائد کیا ۔ اپوزیشن میں کانگریس کو اڈانی دشمن اور حکومت میں دوست نظر آتے ہیں ۔ بی جے پی کی ہدایت پر ہی چیف منسٹر ریونت ریڈی اڈانی سے مل کر کام کرنے کے لیے تیار ہوئے ہیں ۔ چھ ماہ میں کانگریس حکومت عوامی اعتماد سے محروم ہوجائے گی ۔ پالمور ، رنگاریڈی پراجکٹ کو قومی پراجکٹ کا درجہ دلانے کے معاملے میں کانگریس پارٹی خاموشی اختیار کرلی ہے ۔ بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ نے کہا کہ بی آر ایس کے دور حکومت میں بڑے پیمانے پر فلاحی اسکیمات پر عمل کیا گیا مگر بی آر ایس نے اس کی صحیح طریقہ سے تشہیر نہیں کی جس کی وجہ سے بی آر ایس کو شکست ہوگئی ۔ کانگریس پارٹی نے کبھی پورے نہ ہونے والے 420 وعدے کئے جس پر عوام بھروسہ کرلیے ۔ کسانوں کے 2 لاکھ روپئے تک قرض ایک ہی قسط میں معاف کردینے کا ریونت ریڈی نے وعدہ کیا ۔ بیچ اور تخم کے لیے کسانوں کو پھر سے قطاروں میں کھڑے ہونے کی نوبت آگئی ہے ۔ بی آر ایس کے دور حکومت میں صرف قرض ہی حاصل نہیں کیا گیا بلکہ اثاثہ جات پیدا کئے گئے ۔ بی آر ایس نے تلنگانہ کو سونے کی طشتری میں رکھ کر کانگریس کے حوالے کیا ہے ۔ کانگریس پارٹی نے عوام سے جو وعدے کئے ہیں ان کی عمل آوری کے لیے بی آر ایس حکومت پر دباؤ بنائے گی ۔ لوک سبھا انتخابات کی تیاریاں شروع کردینے کی پارٹی کیڈر کو ہدایت دی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے مفادات کا صرف بی آر ایس تحفظ کرے گی ۔۔ 2