بی جے پی کی ووٹ چوری کو راہول گاندھی نے بے نقاب کردیا، گاندھی بھون میں پرچم کشائی کے بعد خطاب
حیدرآباد15 اگست (سیاست نیوز ) صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک میں کانگریس اور گاندھی خاندان نہیں ہوتا تو ملک کو آزادی نہیں ملتی۔ کانگریس قائدین نے بڑی جانی مالی قربانی دے کر ملک کو آزادی دلانے میں اہم رول ادا کیا ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی اور بی جے پی کانگریس کے خلاف جھوٹے اور بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ گاندھی بھون میں یوم آزادی کے موقع پر پرچم کشائی کے بعد خطاب کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے تلنگانہ عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد پیش کی۔ گاندھی جی کی زیر قیادت تحریک میں حصہ لیتے ہوئے جواہر لال نہرو نے اپنی زندگی کے 9 قیمتی سال جیلوں میں گذارے ہیں۔ ان کی خدمات اور قربانیوں کو آج نظرانداز کیا جا رہا ہے۔ کانگریس نے دلیرانہ مظاہرہ کیا اور انگریزوں کے خلاف جنگ چھیڑ دی۔ اس وقت بی جے پی کا وجود ہی نہیں تھا۔ آر ایس ایس اور اس کے نظریات رکھنے والے قائدین انگریزوں کی مخبری کررہے تھے۔ تحریک آزادی میں ان کا کوئی رول نہیں تھا لیکن آج بی جے پی قائدین اپنے آپ کو محب وطن قرار دے رہے ہیں۔ نہرو اور کانگریس قائدین کی قربانیوں کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ آزادی کی مخالفت کرنے والے بی جے پی کے قائدین آج اقتدار پر ہیں۔ سیاسی مفاد پرستی اور اقتدار کیلئے وہ نئی نسل کو ذات، پات، مذہب، علاقہ میں تقسیم کرکے نفرت پھیلا رہے ہیں۔ بی جے پی حکومت میں پٹرول، ڈیزل اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ ہو گیا ہے۔ ووٹوں کی چوری کرکے چور دروازے سے اقتدار تک پہنچ رہے ہیں۔ راہول گاندھی نے بی جے پی کی ووٹ چوری کو بے نقاب کردیا ہے۔ جن ریاستوں میں بی جے پی کے خلاف ووٹ ہیں ان کو فہرست رائے دہندگان سے خارج کردیا جارہا ہے۔ سپریم کورٹ نے اس معاملہ میں مرکزی حکومت کو جھٹکا دیا ہے۔ مہاراشٹرا کے لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کی زیر قیادت انڈیا اتحاد نے زبردست کامیابی حاصل کی لیکن اسمبلی انتخابات میں اتحاد کو شکست ہوگئی۔ اس سے اندازہ ہوگیا کہ ووٹ چوری کی گئی تھی۔ 2