کانگریس اہم ریاستوں میں پیشرفت کرنے سے قاصر

,

   

اگزٹ پولس عوام کی نبض پہچاننے میں ناکام :نائیڈو ، ٹی آر ایس نے اگزٹ پولس مسترد کردیا، اگزٹ پولس بکواس :ممتا بنرجی

نئی دہلی ۔ /19 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی ملک کی اہم ریاستوں میں پیشرفت کرنے سے قاصر رہی ہے ۔ اگزٹ پولس میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس نے گزشتہ سال ڈسمبر میں اہم ریاستوں مدھیہ پردیش ، راجستھان اور چھتیس گڑھ میں اسمبلی انتخابات میں شاندار کامیابی حاصل کی تھی لیکن لوک سبھا انتخابات میں وہ پیچھے ہوگئی ۔ تقریباً 6 ماہ قبل ہی کانگریس نے ان تینوں ریاستوں میں بی جے پی سے اقتدار چھین لیا تھا ۔ ان تینوں ریاستوں میں کانگریس کو لوک سبھا کی زائد از 13 نشستوں پر کامیابی ملے گی ۔ اگزٹ پولس پر تبصرہ کرتے ہوئے چیف منسٹر مغربی بنگال ممتا بنرجی نے کہا کہ یہ اگزٹ پولس بکواس ہیں ۔ اس طرح کے سروے پر بھروسہ نہیں کیا جاسکتا ۔ یہ تمام گیم پلان ہیں ۔ ای وی ایم مشینوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ کرتے ہوئے کامیابی حاصل کی جارہی ہے ۔ ممتابنرجی نے ٹویٹ کیا کہ میں اگزٹ پولس پر بھروسہ نہیں کرتی ۔ مغربی بنگال میں بعض اگزٹ پولس میں ترنمول کانگریس کو 24 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہیں جبکہ یہاں پر بی جے پی نے بہترین پیشرفت کرتے ہوئے 16 نشستوں کو حاصل کرنے کا نشانہ بنایا ہے ۔ کانگریس کے حق میں 2 نشستیں مل رہی ہیں جبکہ بائیں بازو محاذ کو صفر نشستیں مل رہی ہیں ۔ چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے اگزٹ پولس پر بیان دیتے ہوئے کہا کہ پھر ایک مرتبہ اگزٹ پولس عوام کی نبض پہچاننے میں ناکام ہوگئے ہیں ۔ اگزٹ پولس نے ثابت کردیا ہے کہ وہ غیردرست ہیں ۔ کئی ریاستوں میں بنیادی حقائق کو بھی نظرانداز کردیا گیا جبکہ بلاشبہ تلگودیشم حکومت آندھراپردیش میں دوبارہ اقتدار پر آرہی ہے اور مرکز میں غیر بی جے پی حکومت تشکیل دینے کیلئے غیر بی جے پی پارٹیوں سے بات چیت ہورہی ہے ۔ تلنگانہ راشٹریہ سمیتی نے اگزٹ پولس کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ /23 مئی کے نتائج ان اگزٹ پولس سے مختلف ہوں گے ۔ اگزٹ پولس پیش کرنے کیلئے معمولی سروے کیا جاتا ہے ۔ اس سروے سے حقیقی تصویر واضح نہیں ہوتی ۔ پارٹی نے کہا کہ ہم کو مکمل کامیابی کا یقین ہے ۔ سابق چیف منسٹر جموں و کشمیر اور این سی لیڈر عمر عبداللہ نے کہا کہ اگزٹ پولس قطعی طور پر غلط نہیں ہوسکتے لیکن وہ /23 مئی کا انکار کررہے ہیں جس نے قطعی نتائج آئیں گے ۔ انہوں نے ٹویٹ کیا کہ کوئی بھی اگزٹ پول غلط نہیں ہوسکتا ۔ بعض اگزٹ پولس نے بھارتیہ جنتاپارٹی زیرقیادت این ڈی اے کو 300 نشستیں ملنے کی پیش قیاسی کی ہیں ۔ تاہم انہیں اگزٹ پولس میں بتایا گیا ہے کہ اترپردیش کے اندر بی جے پی کو بھاری شکست ہورہی ہے جہاں اس نے 2014 ء میں 80 کے منجملہ 71 نشستوں پر کامیابی حاصل کی تھی ۔ زعفرانی پارٹی نے دیگر ریاستوں میں بہترین پیشرفت کی ہے ۔ بعض سوشیل میڈیا یوزرس نے نشاندہی کی ہے کہ آسٹریلیا میں انتخابی نتائج نے یہ ثابت کیا ہے کہ عوام کی رائے مختلف ہوتی ہے اور نیوز پولس غلط ثابت ہوتے ہیں ۔