کانگریس برسراقتدار آنے پر مسلمانوں اور عیسائیوں کو اہم عہدے: ریونت ریڈی

   

دلت کرسچنوں کو ایس سی قرار دیا جائیگا، گاندھی بھون میں کرسمس تقاریب کا انعقاد

حیدرآباد۔/12ڈسمبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے وعدہ کیا کہ تلنگانہ میں کانگریس برسراقتدار آنے پر دلت کرسچنوں کو درجہ فہرست اقوام کی فہرست میں شامل کیا جائے گا۔ گاندھی بھون میں کرسمس تقاریب سے خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے ملک میں تعلیم اور صحت کے شعبہ میں عیسائی تنظیموں کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور یکجہتی کی برقراری کیلئے کام کررہی ہے۔ کانگریس پارٹی اتحاد اور مذہبی رواداری میں یقین رکھتی ہے اور اقتدار کے دوران تمام طبقات کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کئے گئے تھے۔ ریونت ریڈی نے آنجہانی اندرا گاندھی کے غریبی ہٹاؤ نعرہ کی یاد تازہ کی اور کہا کہ سماج میں غربت کے خاتمہ کیلئے کانگریس نے ہمیشہ مساعی کی ہے۔ سونیا گاندھی نے اندرا گاندھی اور راجیو گاندھی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے غریبوں کی خدمت کو اپنا شعار بنایا۔ انہوں نے نئی ریاست تلنگانہ کی تشکیل عمل میں لاتے ہوئے نوجوانوں اور طلبہ کی خواہشات کی تکمیل کی ہے۔ ریونت ریڈی نے تیقن دیا کہ کانگریس پارٹی برسراقتدار آنے پر حکومت اور پارٹی میں مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتوں کو اہم عہدوں پر فائز کرے گی۔ کرسمس تقاریب میں رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ ڈاکٹر جے گیتا ریڈی، رکن کونسل جیون ریڈی، سابق وزیر محمد علی شبیر، پونم پربھاکر، ڈاکٹر شراون، انیل کمار یادو اور دوسروں نے شرکت کی۔ ر