کانگریس ‘تمام طبقات کو ساتھ لے کر چلنے والی واحد سیکولر جماعت : ریونت ریڈی

   

مودی و امیت شاہ ہندوؤں اور اویسی صرف مسلمانوں کو متحد کر رہے ہیں، امیت شاہ حیدرآباد سے مقابلہ کریں: چیف منسٹر
حیدرآباد، 20 نومبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی نے بی جے پی، بی آر ایس اور مجلس قیادت پر سیاسی تنقید کرکے کہا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ صرف ہندوؤں کو متحد کرنے کی سیاست کر رہے ہیں جبکہ اسد الدین اویسی صرف مسلمانوں کو متحد کرنے کا کام کر رہے ہیں، اس کے برعکس کانگریس ملک کی ایسی سیکولر جماعت ہے جو ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی اور سماج کے تمام طبقات کو ساتھ لے کر ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے کہا کہ مودی کے اقتدار میں آنے کے بعد ای ڈی، سی بی آئی اور انکم ٹیکس جیسے تحقیقاتی اداروں کو سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کیا گیا اور ذات پات، مذہب و زبان کے نام پر تفرقہ پیدا کیا گیا۔ چیف منسٹر کے مطابق مودی نے 12 برسوں میں جو خوف پیدا کیا تھا ، نوجوانوں نے اسے 12 دنوں میں ختم کر دیا اور آج غریبوں کا حق رائے دہی چھیننے اور ‘ووٹ چوری’ کے خلاف راہول گاندھی کے نعرہ کو ملک میں زبردست عوامی تائید حاصل ہو رہی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی ہمیشہ جھوٹ بولتی ہے اور اس کیلئے صرف اقتدار اہم ہے ، جبکہ کانگریس عوام کے حقوق کیلئے آئندہ ایک ہزار سال تک قائم رہے گی۔ انہوں نے یہ خیالات یہاں ہوٹل پارک حیات میں اے بی پی (ABP) میڈیا کانکلیو سے خطاب میں ظاہر کیے ۔وزیر اعظم مودی سے اپنی ملاقاتوں پر اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ جب وزیر اعظم مودی بغیر کسی کو بتائے پاکستان جا کر بریانی کھا کر واپس آ سکتے ہیں تو ریاستی مفاد اور حکومت کے کام کیلئے اگر وہ مودی یا کے سی آر سے ملاقات کریں تو اس میں کیا حرج ہے۔ بی آر ایس قیادت کو نشانہ بناتے ہوئے چیف منسٹر نے کہا کہ وہ کے سی آر کو ایک سیاسی حریف کے طور پر تسلیم کرتے ہیں اور ان سے مقابلہ ہے ، لیکن کے ٹی آر کو سنجیدگی سے نہیں لیتے کیونکہ وہ مینجمنٹ کوٹہ کے تحت لیڈر بنے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کا کوئی سیاسی وجود نہیں ہے اور مرکزی وزیر کشن ریڈی کے حلقہ میں شامل جوبلی ہلز ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی ضمانت ضبط ہوگئی، لہٰذا اگر امیت شاہ میں ہمت ہے تو وہ حیدرآباد پارلیمانی حلقہ سے مقابلہ کرکے اسد الدین اویسی کو شکست دیں ۔ حد بندی پر تشویش ظاہر کرکے انہوں نے کہا کہ سیٹوں میں 50 فیصد اضافے کے فارمولے سے مرکز میں حکومت بنانے جنوبی ہند کی ضرورت ختم ہو جائے گی ۔ مرکزی حکومت کی معاشی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے الزام لگایا کہ مودی نے ملک کا قرضہ 53 لاکھ کروڑ سے بڑھا کر 120 لاکھ کروڑ روپے تک پہنچا دیا ہے اور سرکاری فنڈز اڈانی کی جیب میں ڈالے جا رہے ہیں، جبکہ وہ خود سرمایہ کاروں کو تلنگانہ لا کر نوجوانوں کو روزگار فراہم کر رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تین برسوں میں 65 فیصد وعدے پورے کیے گئے اور ‘تلنگانہ رائزنگ 2047’ پالیسی کے تحت جی ڈی پی میں ریاست کا حصہ 10 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ، جبکہ 7 تا 9 دسمبر کو گلوبل سمٹ کیلئے وزیر اعظم کو بھی شائستگی کے تحت مدعو کیا گیا ہے۔-2