محبوب نگر میں بی آر ایس کے کثیر کارکنوں کی کانگریس میں شمولیت، رکن اسمبلی سرینواس ریڈی کا خطاب
محبوب نگر ۔ 22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) کانگریس میں شامل ہونے اور سچی خدمت کرنے والوں کو صحیح مقام ملے گا۔ یہ وضاحت مقامی ایم ایل اے ینم سرینواس ریڈی نے دی ۔ وہ آج بڑی تعداد میں بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کررہے تھے۔ بی آر ایس قائد ایم ناگراجو یادو کی قیادت میں بڑی تعداد میں کارکن کانگریس میں شامل ہوئے۔ ایم ایل اے نے کہا کہ آئندہ منعقد ہونے والے تمام انتخابات میں کانگریس کا پرچم لہرائے گا۔ سب کے سب کانگریس میں شامل ہوں اور ترقیاتی کاموں میں اپنا حصہ ادا کریں۔ عنقریب بڑے پیمانے پر ترقیاتی کام شروع ہوں گے۔ آپ سب کو اس میں حصہ لینا ہوگا۔ انہوں نے کسانوں سے کئے گئے وعدوں کا تذکرہ کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کسانوں کے قرض معاف کئے۔ خواتین کو مفت سفر، 500 میں گیاس سلینڈر فراہم کئے۔ اب مستحق اور غرباء کو اندرماں اسکیم کے تحت مکانات اور وظائف بھی دیئے جائیں گے۔ تمام ضعیفوں اور معذورین کا حق ان کو دیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ کانگریس کے ساتھ کھڑے رہیں کیونکہ وہ تمام طبقات کے ساتھ ہیں۔ اس موقع پر میونسپل چیرمین آنند گوڑ، موڈا چیرمین لکشمن یادو، زرعی مارکٹ کمیٹی چیرپرسن بیکری انیتا، نائب چیرمین وجئے کمار، کانگریسی قائد سراج قادری و دیگر قائدین و کارکنان بڑی تعداد میں جمع تھے۔