نئی دہلی 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس نے آج تین طلاق بِل کو قائمہ کمیٹی سے رجوع کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ اِس کا نشانہ ملک کی مسلم کمیونٹی ہے۔ لوک سبھا میں مسلم خواتین (تحفظ حقوق برائے شادی) پر مباحث میں حصہ لیتے ہوئے محمد جاوید (کانگریس) نے کہاکہ حکومت کا ارادہ صاف نہیں ہے اور وہ ملک بھر میں مسلم برادری کو حاشیہ پر کردینا چاہتی ہے۔ ’’میری وزیر موصوف سے درخواست ہے کہ یہ بِل نظرثانی کے لئے اسٹانڈنگ کمیٹی کے پاس بھیجا جائے اور صرف مسلمان نہیں بلکہ تمام برادریوں کی علیحدہ شدہ خواتین کے لئے قوانین بنانے پر غور کیا جائے‘‘۔ اُنھوں نے کہاکہ مسلم خواتین کے مقابل ہندو خواتین کی زیادہ تعداد کو طلاق دی جارہی ہے۔ جاوید نے الزام عائد کیاکہ یہ قانون مسلم شوہروں کو جیل میں ڈالنے کے لئے وضع کیا جارہا ہے۔