سابق میں ریاست کو قرض کے دلدل میں ڈال دیا گیا تھا ، کانگریس حکمرانی کے 1000 دن کی تکمیل پر نرمل میں بائیک ریالی
نرمل۔ 5ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) کانگریس حکومت کے ایک ہزار دن مکمل ہونے کے موقع پر نرمل شہر میں ایک زبردست بائیک ریالی نکالی گئی۔ ریالی کی قیادت ڈی سی سی صدر و خانہ پور کے رکن اسمبلی ویدما بوجو اور نرمل اسمبلی حلقہ کے انچارج کے سری ہری راؤ نے کی۔بائیک ریالی نرمل کے مختلف علاقوں سے گزرتی ہوئی میونسپل دفتر کے قریب پہنچی، جہاں ریالی جلسہ گاہ میں تبدیل ہوگئی۔ اس موقع پر کانگریس کارکنوں اور قائدین کی بڑی تعداد موجود تھی۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کے سری ہری راؤ نے کہا کہ سابق حکومت ریاست تلنگانہ کو قرضوں کے دلدل میں چھوڑ کر گئی تھی۔ مرکز کی جانب سے تلنگانہ کے ساتھ مبینہ سوتیلے سلوک کے باوجود کانگریس کی مضبوط حکومت اور طاقتور وزیر اعلیٰ انتخابی وعدوں کو پورا کرتے ہوئے ریاست کو ترقی کی راہ پر آگے لے جا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کے لیے سنجیدگی سے کام کر رہی ہے اور ریاست کی ترقی و فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی جارہی ہے۔اس موقع پر سابق رکن اسمبلی مدھول نارائن راؤ پٹیل نے پارٹی قائدین اور کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سب سے پہلے پارٹی کی صفوں میں اتحاد پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ یہ دیکھنے کے بجائے کہ کون کس پارٹی سے آیا ہے، آج ضرورت اس بات کی ہے کہ کانگریس پارٹی کو مزید مستحکم کیا جائے۔انہوں نے تمام قائدین اور کارکنوں سے اپیل کی کہ وہ کان بھرنے والوں کی باتوں پر توجہ دینے کے بجائے پارٹی کے لیے عملی طور پر کام کرنے والوں کی بات سنیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست ہو یا مرکز، ایک مضبوط اور مستحکم حکومت صرف کانگریس ہی فراہم کرسکتی ہے۔