بی آر ایس کا 17 ستمبر کو ہر تانڈہ میں احتجاج کا اعلان : باجی ریڈی گووردھن
بانسواڑہ ۔ 15ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بانسواڑہ بی آر ایس حلقہ انچارج باجی ریڈی گووردھن نے کانگریس حکومت پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اقتدار میں آئے تقریباً 1000 دن گزر جانے کے باوجود حکومت قبائلیوں سے کیا گیا ایک بھی وعدہ پورا کرنے میں ناکام رہی ہے۔بانسواڑہ میں منعقدہ ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کانگریس نے قبائلیوں کے ووٹ حاصل کر کے اقتدار حاصل کیا لیکن اقتدار میں آتے ہی اس طبقہ کو یکسر فراموش کر دیا، زمینوں کے پٹے دینے کے وعدہ کے برعکس اب قبائلیوں کی موجودہ زمینیں چھینی جا رہی ہیں اور ان پر جھوٹے مقدمات عائد کیے جا رہے ہیں۔ تین سال کا عرصہ گزرنے کو ہے لیکن قبائلی بہبود کے لیے ایک نئی اسکیم تک شروع نہیں کی گئی،انہوں نے اعلان کیا کہ قبائلیوں کے ساتھ ہو رہی اس ناانصافی کے خلاف 17 ستمبر کو بانسواڑہ اسمبلی حلقہ کے ہر تانڈہ میں احتجاجی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ انہوں نے پارٹی کیڈر سے اپیل کی کہ وہ گھر گھر جا کر کانگریس کے فریب کو بے نقاب کریں۔ گووردھن نے کہا کہ قبائلیوں کو حقیقی انصاف صرف بی آر ایس دورِ حکومت میں ملا۔ سابق چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے صرف دو سال میں قبائلی فلاح و بہبود کے لیے 28 ہزار کروڑ روپئے مختص کیے، ایس ٹی ریزرویشن 6 فیصد سے بڑھا کر 10 فیصد کیا، 56 ہزار ایکڑ بنجر اراضی کو قابلِ کاشت بنا کر قبائلیوں میں تقسیم کیا۔ اس کے علاوہ آئی آئی ٹی اسٹڈی سرکل، بیسٹ ایویلیبل اسکولس، بنیادی سہولتوں کے لیے 1000 کروڑ اور قبائلی خواتین کو T-Hub کے ذریعہ روزگار کے مواقع فراہم کیے گئے۔ بانسواڑہ حلقہ میں 57 نئی گرام پنچایتوں کا قیام عمل میں لا کر انتظامیہ کو تانڈوں تک پہنچایا گیا۔انہوں نے الزام لگایا کہ کانگریس حکومت اب تک 4 لاکھ کروڑ روپئے کا قرض لے چکی ہے لیکن ایک بھی نیا ترقیاتی کام انجام نہیں دیا۔ اسمبلی میں عوامی مسائل اٹھانے پر بی آر ایس ارکانِ اسمبلی کو روکا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح تلنگانہ ریاست کے حصول کے لیے جدوجہد کی گئی تھی، آج عوامی حقوق کے لیے ایک اور تحریک کی ضرورت پڑگئی ہے جس میں قبائلیوں کو پیش پیش رہنا چاہیے۔اس موقع پر پولیکوچہ تانڈہ کے سابق سرپنچ و دیگر قائدین نے جناب باجی ریڈی گووردھن کی قیادت میں بی آر ایس میں شمولیت اختیار کی۔اس پریس کانفرنس میں ڈاکٹر انجی ریڈی، مورل سرینواس،سابقہ میونسپل وائس چیئرمین زبیر، ڈاکٹر عبدالحکیم پتنگل، کونسلر فیروز خان،خلیل،مقبول، سابقہ کونسلر باڈی سینو،سابقہ وارڈ ممبر شیخ اکبر،موگلیا، اسحاق، شفیع، افضل، خالد،شارو،رائٹر راجو، رمیش یادو، قبائل طبقہ و دیگر قائدین موجود تھے۔