تمام گھریلو برقی صارفین کو 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 10 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی آر نے اسمبلی میں پیش کردہ بجٹ کو مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت نے عوام سے دغا بازی کی ہے ۔ 6 ضمانتوں کا اعلان کرتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے والی کانگریس ان وعدوں کو عملی جامہ پہنانے کے معاملے میں سنجیدہ نہیں ہے ۔ 6 گیارنٹی پر عمل آوری کے لیے 1.25 لاکھ کروڑ روپئے کی ضرورت ہے مگر ڈپٹی چیف منسٹر ملو بٹی وکرامارک کی جانب سے پیش کردہ بجٹ میں صرف 53 ہزار کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں ۔ مرکز میں کانگریس حکومت قائم ہونے پر ہی 6 گیارنٹی پر عمل کرنے کا کانگریس قائدین جو اعلانات کررہے ہیں وہ مضحکہ خیز ہے ۔ تمام گھریلو برقی صارفین کو 200 یونٹ تک مفت برقی سربراہ کرنے کے وعدے پر عمل نہ کرنے کی صورت میں بی آر ایس کی جانب سے بڑے پیمانے پر احتجاجی مہم شروع کرنے کا کانگریس حکومت کو انتباہ دیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے پراجکٹس کو کانگریس نے مرکز کے حوالے کردیا ہے ۔ بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر نلگنڈہ میں 13 فروری کو جلسہ عام منعقد کرتے ہوئے عوام کے سامنے ثبوت پیش کریں گے ۔ اس جلسہ عام کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کی ۔ جب تک کے سی آر تلنگانہ کے چیف منسٹر تھے ان پراجکٹس کی مکمل حفاظت کی گئی ۔ مرکز کے دباؤ کو ہرگز قبول نہیں کیا گیا ۔ ریونت ریڈی چیف منسٹر بنتے ہی انہوں نے تلنگانہ کے مفادات کو نظر انداز کرتے ہوئے پراجکٹس کو مرکز کے حوالے کردیا ۔ اسمبلی حلقہ صنعت نگر کے بی آر ایس کارکنوں کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے پارٹی کے تمام قائدین اور کارکنوں کو متحد رہتے ہوئے لوک سبھا کے انتخابات میں بی آر ایس کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب بنانے کی اپیل کی ۔۔ 2