فیس باز ادائیگی کے 10 ہزار کروڑ روپئے فوری جاری کرنے کا مطالبہ ، بی آر ایس کا احتجاج
بانسواڑہ ۔ 5ستمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) سابق ایم ایل اے باجی ریڈی گوردھن کی قیادت میں بانسواڑہ میں کانگریس حکومت کے خلاف بی آر ایس پارٹی اور طلبہ نے زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا،امبیڈکر چورستے پر باجی ریڈی گوردھن بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ اُن کی قیادت میں سینکڑوں طلبہ اور بی آر ایس قائدین و کارکنوں نے دھرنا دیکر حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی،اس موقع پر باجی ریڈی گوردھن نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کانگریس حکومت اپنے ہزار دن کی حکمرانی میں ہر محاذ پر ناکام ہوچکی ہے۔ حکومت طلبہ کے مسائل کو مکمل طور پر نظر انداز کر رہی ہے۔ ریاست بھر میں فیس ری امبرسمنٹ کے تقریباً 10 ہزار کروڑ روپئے کے بقایاجات زیر التوا ہیں جس کی وجہ سے غریب طلبہ اور پرائیویٹ کالجوں کی انتظامیہ شدید بحران سے دوچار ہے۔باجی ریڈی نے کہا کہ ہزار دن گزر جانے کے باوجود کانگریس حکومت طلبہ کے مستقبل کے ساتھ کھلواڑ کر رہی ہے۔ انہوں نے حکومت سے پرزور مطالبہ کیا کہ فوری طور پر 10 ہزار کروڑ کے بقایاجات جاری کر کے طلبہ کا مستقبل روشن کیا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ جب تک حکومت طلبہ کے مطالبات تسلیم نہیں کرتی، بی آر ایس طلبہ کے حقوق کے لیے ان کی قیادت میں سڑکوں پر لڑتی رہے گی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر انجی ریڈی، شیخ زبیر، موریل سیرنیواس ،رتنا کمار، سینیئر لیڈر ڈاکٹر عبدالحکیم ،موجی گنیش ،کونسلرس ،فیروز خان خلیل خان مقبول، سابقہ کونسلر باڑی سینو،سابقہ وارڈ ممبر شیخ اکبر، رمیش یادو، سای بابا،اسحاق ،شفیع، افضل، خالد ،امجد خان ،دیگر قائدین اور کارکنان کی کثیر تعداد موجود تھی۔