سیڑھیوں پر بیٹھ کر سابق وزراء پنالہ لکشمیا ، دامودھر راج نرسمہا نے احتجاج کیا
حیدرآباد ۔ 17 اکٹوبر ( سیاست نیوز) اے آئی سی سی صدارت کیلئے گاندھی بھون میں منعقدہ پولنگ میںکانگریس قائدین کے اختلافات اور گروپ بندیاں پھر ایک مرتبہ منظر عام پر آئی ہیں ۔ اسمبلی حلقہ جنگاؤں سے ووٹ ڈالنے والے قائدین کی فہرست میں تبدیلی پر سابق وزیر پنالہ لکشمیا نے برہمی کا اظہار کیا ۔ فہرست رائے دہندگان میں گڑبڑ پر کشیدگی پیدا ہوگئی اور چند سینئر قائدین نے ناراضگی کا اظہارکیا ۔ اسمبلی حلقہ جنگاؤں سے ووٹ دینے اے آئی سی سی نے پنالہ لکشمیا اور سرینواس ریڈی کو موقع فراہم کیا اور ووٹنگ کارڈ بھی جاری کیا ۔ یہ دونوں قائدین ووٹ دینے گاندھی بھون پہنچے تاہم لمحہ آخر میں فہرست رائے دہندگان سے سرینواس ریڈی کا نام غائب کرکے پرتاپ ریڈی کا نام شامل کیا گیا ۔ تلنگانہ کانگریس قائدین نے اتوار کی رات میں کے پرتاپ ریڈی کے نام کو شامل کیا جس سے سرینواس ریڈی کے ساتھ کے پرتاپ ریڈی حق رائے دہی سے استفادہ کرنے پولنگ بوتھ پہنچے ۔ لمحہ آخر میں سرینواس ریڈی کا نام فہرست رائے دہندگان سے نکال دینے پر سابق وزیر پنالہ لکشمیا نے برہمی کا اظہار کیا ۔ پارٹی کے سینئر قائد سابق وزیر کے جانا ریڈی نے پنالہ لکشمیا کو سمجھایا ۔ انتخابی عملہ کے عدم تعاون پر پنالہ لکشمیا اور سابق ڈپٹی چیف منسٹر دامودھر راج نرسمہا نے گاندھی بھون کی سیڑھیوں پر بیٹھ کر احتجاج کیا ۔ ووٹر لسٹ میں ناموں کی لمحہ آخر میں تبدیلی پر احتجاج کیا ۔ دونوں قائدین نے کہا کہ طویل عرصہ تک پارٹی سے وابستہ قائدین کے نام فہرست سے حذف کرکے کانگریس قائدین کی توہین کی گئی ہے ۔ ن