کانگریس ضلع صدر تروپتی ریڈی کی بی آر ایس میں شمولیت

   

میدک۔/7 اکٹوبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) ضلع میدک کانگریس کے صدر جناب کے تروپتی ریڈی جو حلقہ اسمبلی میدک سے کانگریس ٹکٹ کے دعویداروں میں تھے ہائی کمان کی جانب سے حال ہی میں بی آر ایس سے کانگریس میں شامل ہونے والے قائد رکن اسمبلی ملکاجگیری و سابق ایم ایل اے میدک مائنم پلی ہنمنت راؤ کے فرزند ڈاکٹر مائنم پلی روہت کو میدک سے امیدوار بنائے جانے کی سرگرم اطلاعات پر اپنے حامیوں کے ساتھ بی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ تروپتی ریڈی نے ٹی ہریش راؤ اور حلقہ نرسا پور کی متوقع امیدوار وی سنیتا لکشما ریڈی کے ہمراہ ریاستی وزیر کے تارک راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے گلابی کھنڈا پہن لیا۔ اس موقع پر ایم ایل سی شمہا پورراجو بھی موجود تھے۔ واضح رہے کہ تروپتی ریڈی کے ہمراہ صدر ضلع کانگریس یوتھ مسٹر مہیندر ریڈی بھی بی آر ایس میں شامل ہوگئے۔ اس طرح تروپتی ریڈی کے قریبی ساتھی سابق زیڈ پی ٹی سی چنا شنکرم پیٹ کانگریس کے قدیم قائد مسٹر پی رمنا بھی کانگریس سے بی آر ایس میں شامل ہوگئے۔