ڈائرکٹر جنرل پولیس کو اتم کمار ریڈی کا مکتوب، رکاوٹ پیدا نہ کرنے کی اپیل
حیدرآباد ۔12۔ جون (سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس کمیٹی اتم کمار ریڈی نے ڈائرکٹر جنرل پولیس مہیندر ریڈی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کل 13 جون کو کانگریس قائدین کی جانب سے دریائے گوداوری پر آبپاشی پراجکٹس کے معائنہ کے پروگرام سے واقف کرایا ۔ انہوں نے ڈائرکٹر جنرل پولیس سے درخواست کی کہ کانگریس قائدین کے دورہ میں کوئی رکاوٹ پیدا نہ کی جائے ۔ پولیس کی جانب سے سابق میں دو مرتبہ کانگریس قائدین کو آبپاشی پراجکٹس کے معائنہ کی اجازت نہیں دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آبپاشی پراجکٹس کی اصلیت سے عوام کو واقف کرانے کیلئے یہ دورہ کیا جارہا ہے ۔ انہوں نے بی جے پی سے کہا کہ اگر پولیس کل کے پروگرام میں کوئی رکاوٹ پیدا کرنا چاہتی ہے تو اسے قانون کے مطابق وجوہات کی تحریری طور پر وضاحت کرنی چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیس عہدیداروں نے ارکان پارلیمنٹ اور اسمبلی کو حاصل مراعات کی خلاف ورزی کی ہے جس کی لوک سبھا اسپیکر اور اسمبلی اور کونسل کے سربراہوں سے شکایت کی جائے گی۔ اتم کمار ریڈی نے پولیس کو غیر جانبداری کے ساتھ فرائض انجام دینے کا مشورہ دیا۔
