کانگریس قائدین لاعلمی کے سبب حکومت پر تنقید کرر ہے ہیں

   

نائب صدرنشین پلاننگ بورڈ وِنودکمار کا الزام
حیدرآباد ۔ 28 ۔ اگست (سیاست نیوز) تلنگانہ پلاننگ بورڈ کے نائب صدرنشین بی ونود کمار نے کانگریس پارٹی پر الزام عائد کیا کہ وہ آبپاشی پراجکٹ کے بارے میں ٹی آر ایس حکومت کو غیر ضروری تنقیدوں کا نشانہ بنارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تمیڈی ہٹی پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے کانگریس قائدین اپنے دور حکومت میں ناکامیوں کی پردہ پوشی کرنا چاہتے ہیں۔ متحدہ آندھراپردیش میں کانگریس نے آبپاشی پراجکٹس پر کوئی توجہ نہیں دی ۔ ونود کمار نے کانگریس قائدین کے پراجکٹ کے معائنہ کے بعد جاری کردہ بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ دراصل کانگریس قائدین آبپاشی پراجکٹ کی تکمیل سے متعلق بنیادی مسائل سے لاعلم ہے۔ انہیں گوداوری کے پانی کے استعمال کے بارے میں جاری کردہ سرکاری احکامات کا کوئی علم نہیں۔ کانگریس قائدین کو الزام تراشی سے پہلے جان لینا چاہئے کہ سنٹرل واٹر کمیشن نے گوداری کے پانی کے استعمال کے حدود مقرر کئے ہیں۔ 2008 ء میں سنٹرل واٹر کمیشن نے جو شرائط مقرر کی ہیں ، اس کے تحت 160 ٹی ایم سی پانی کا حصول ممکن نہیں ہے ۔ ونود کمار نے کہا کہ پانی کی موجودگی کے مسئلہ پر کانگریس قائدین جان بوجھ کر خاموش ہیں۔ ونود کمار نے سنٹرل واٹر کمیشن کی رپورٹ کا تفصیل سے حوالہ دیا اور تلنگانہ ریاست کی تشکیل کے بعد چیف منسٹر کی جانب سے وزیراعظم کی گئی نمائندگی کے بارے میں کانگریس قائدین کو تفصیلات جاننے کا مشورہ دیا ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر نے پراجکٹ رپورٹ وزیراعظم کو پیش کرتے ہوئے سنٹرل واٹر کمیشن کی شرائط میں نرمی کی درخواست کی تھی۔ پرانہیتا اورکالیشورم دونوں پراجکٹس کو وزیراعظم کے ریلیف پیاکیج کی فہرست میں شامل کیا گیا تھا۔ وزیراعظم سے درخواست کی گئی کہ کالیشورم کو قومی پراجکٹ کا درجہ دیا جائے۔ ونود کمار نے بتایا کہ تلنگانہ حکومت تمیڈی ہٹی پر بیاریج کی تعمیر کے عہد پر قائم ہیں۔ نیشنل وائیلڈ لائیف بورڈ سے کلیئرنس کے حصول میں دشواری کا سامنا ہے۔ انہوں نے کانگریس قائدین کو بے بنیاد الزامات سے گریز کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ ریاست اور عوام کے مفاد میں تمام جماعتوں کو متحدہ طور پر کام کرنے کی ضرورت ہے ۔
تصنیف’’ پارس‘‘ کی رسم اجراء تقریب
حیدرآباد ۔ 28اگست ( راست ) ڈاکٹر ٹی نرہری کی 27ویں تصنیف ’’ پارس ‘‘ کا رسم اجراء مسٹر الم نارائنا چیرمین تلنگانہ پریس اکیڈیمی نے کیا اور کہا کہ تلگو داں مصنف نے اردو زبان میں کتاب تحریر کر کے گنگا جمنی تہذیب کا ثبوت پیش کیا ۔ ایس اے ہاشمی اسسٹنٹ ڈائرکٹر پبلک ریلیشن نے بتایا کہ مسٹر نرہری روزنامہ ’’سیاست‘‘ میں تلگو اخبارات کے تحت باقاعدہ کالم تحریر کرتے تھے ۔ حبیب الدین قادری اور نجف علی شوکت نے بھی مخاطب کیا ۔