تلنگانہ انچارج دیپا داس منشی کا گاندھی بھون میں قائدین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/17 جنوری، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کانگریس امور کی انچارج دیپا داس منشی نے پارٹی قائدین پر زور دیا کہ وہ لوک سبھا چناؤ کی تیاریوں کا ابھی سے آغاز کردیں اور اسمبلی چناؤ کی طرح متحد اور تال میل کے ذریعہ پارٹی کی کامیابی کی جدوجہد کریں۔ دیپا داس منشی آج گاندھی بھون میں درج فہرست قبائیل سے تعلق رکھنے والے قائدین کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ آدی واسی کانگریس کا ریاستی سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں دیپا داس منشی کے علاوہ آدی واسی کانگریس کے صدرنشین ڈاکٹر بی نائیک، اے آئی سی سی سکریٹری منصور علی خان، روہت چودھری، سابق مرکزی وزیر بلرام نائیک، سابق رکن کونسل راملو نائیک اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ ضلع اور منڈل سطح سے تعلق رکھنے والے قائدین نے اجلاس میں شرکت کرتے ہوئے مقامی سطح کے مسائل سے واقف کرایا۔ دیپا داس منشی نے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ حکومت کی 6 ضمانتوں کی تفصیلات سے بنیادی سطح پر عوام کو واقف کرانے کی مساعی کریں۔ چھ ضمانتوں کے تحت سماج کے تمام طبقات کا احاطہ کیا جائے گا۔ اجلاس میں قرارداد منظور کرتے ہوئے راہول گاندھی کی بھارت جوڑو نیائے یاترا کا خیرمقدم کیا گیا۔ تلنگانہ کے تمام آدی واسی طبقات لوک سبھا چناؤ میں کانگریس کی تائید کریں گے۔1