سنگا ریڈی آبی بحران کا شکار، کالیشورم کے سبب مشکلات
حیدرآباد۔22 ۔ جولائی (سیاست نیوز) کالیشورم پراجکٹ کے سبب منجیرا اور سنگور میں پانی کی سطح کی کمی سے سنگا ریڈی کو آبی بحران کا سامنا ہے۔ سنگا ریڈی کے رکن اسمبلی جگا ریڈی نے پارٹی سینئر قائدین کے ہمراہ منجیرا پراجکٹ کا دورہ کیا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق فلور لیڈر محمد علی شبیر اور دیگر قائدین نے پراجکٹ کا دورہ کرتے ہوئے پانی کی سطح کا جائزہ لیا۔ جگا ریڈی نے بتایا کہ کالیشورم پراجکٹ کے لئے منجیرا اور سنگور کے پانی کو منتقل کردیا گیا جس کے نتیجہ میں یہ دونوں پراجکٹ سوکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو صرف کالیشورم پراجکٹ سے دلچسپی ہے جبکہ دیگر پراجکٹس میں پانی کی کمی اور سنگا ریڈی کو سربراہی میں رکاوٹ کی کوئی فکر نہیں ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ملک بھر میں کالیشورم کے نام پر چیف منسٹر نے شہرت حاصل کرلی ہے لیکن سنگا ریڈی کے عوام سنگین بحران سے دوچار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گوداوری سے پٹن چیرو تک پینے کا پانی سربراہ کیا جارہا ہے جبکہ پائپ لائین کو سنگا ریڈی تک توسیع دی جاسکتی ہے ۔ کانگریس قائدین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ منجیرا اور سنگور پراجکٹس کے تحفظ کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی ساتھ سنگا ریڈی کو پانی سربراہ کیا جائے۔