خوفزدہ بی جے پی راہول گاندھی سے سیاسی انتقام لے رہی ہے: شیخ عبداللہ سہیل
حیدرآباد ۔ یکم؍ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کی محاذی تنظیموں کی جانب سے گاندھی بھون کے احاطہ میں مجسمہ گاندھی کے پاس راہول گاندھی کو نااہل قرار دینے کے خلاف ’’جئے بھارت ستیہ گرہ‘‘ کا اہتمام کرتے ہوئے اڈانی مسئلہ کا جائزہ لینے کیلئے جوائنٹ پارلیمنٹری کمیٹی (جے پی سی) تشکیل دینے کا مطالبہ کیا جس میں تلنگانہ پردیش کانگریس اقلیت ڈپارٹمنٹ کے صدر شیخ عبداللہ سہیل او بی سی سیل کے صدر این سریکانت، ایس سی سیل کے صدرنشین پریتم اور ایس ٹی سیل کے صدرنشین جگن نائیک کے علاوہ دوسرے کانگریسی قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے شیخ عبداللہ سہیل نے کہا کہ بی جے پی حکومت نیرو مودی۔ للت مودی اور میہول چوکسی جیسے معاشی مجرموں کو بچارہی ہے۔ تاہم انہوں نے دعویٰ کیا کہ وزیراعظم نریندر مودی اس وقت مشتعل ہوگئے جب راہول گاندھی نے مجرموں اور حکمران جماعت سے ان کے روابط کا انکشاف کرنا شروع کیا۔ وزیراعظم نریندر مودی کے ساتھ اڈانی گروپ کے مبینہ تعلقات کے بارے میں راہول گاندھی نے سوال کیا تو بی جے پی کے قائدین ہنگامہ برپا کررہے ہیں اور اصل موضوع سے توجہ ہٹانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ سورت کورٹ کے فیصلے کے بعد اندرون 24 گھنٹے راہول گاندھی کو لوک سبھا کی رکنیت سے نااہل قرار دیا گیا اس کے فوری بعد سرکاری رہائش گاہ خالی کردینے کی نوٹس جاری کی گئی۔ راہول گاندھی بدعنوانیوں کے خلاف آواز اٹھا رہے ہیں جس سے بی جے پی خوفزدہ ہے۔ اپنے خاندان کے تین وزیراعظم ہونے کے باوجود راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کے پاس اپنا گھر نہیں ہے۔ اس کے باوجود بی جے پی حکومت نے راہول گاندھی کو گھر خالی کرنے کا نوٹس جاری کردیا۔ اس سے صاف اندازہ ہورہا ہیکہ بی جے پی انتقامی کارروائی کررہی ہے۔ن