کانگریس قائدین کی دیہی عوام سے ملاقات

   

میدک ۔ 15 مارچ ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کے ارکان پی سی سی مسرز چودھری پرابھات راؤ ، میاڈم بالکرشنا نے کہا کہ انتخابات سے قبل پارٹی کو مستحکم کرنے کیلئے ریاستی پارٹی کی ہدایت پر منڈلس کے گاؤں میں کانگریس کا ایک وفد عوام سے ملاقات کرتے ہوئے ریاستی بی آر ایس سرکار کی عوام دشمن پالیسیوں سے واقف کروایا جارہا ہے ۔ ان قائدین نے کہاکہ حلقہ اسمبلی میدک سے کانگریس کے امیدوار کی بھاری اکثریت کے ساتھ کامیابی کیلئے کوششیں کی جائیں گی ۔ انھوں نے کہا کہ پارٹی کا امیدوار کوئی بھی ہو صرف کانگریس کی کامیابی کیلئے ایڑھی چوٹی کا زور لگایا جائے گا ۔ مسرز بالکرشنا اور پرابھارت راؤ نے میدک اسمبلی حلقہ کے منڈل چنا شنکرم پیٹ کے دیہاتوں میں بلاک کانگریس صدور مسرز محمد حفیظ الدین ، رمیش ریڈی اور سینئر قائد مسٹر سریمان ریڈی کے ہمراہ عوام سے ملاقات کی ۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ 2024 کے عام انتخابات میں میدک اسمبلی حلقہ پر کانگریس کا جھنڈا لہرانا یقینی ہے ۔ ان کے ہمراہ کانگریس قائدین مسرز اے پربھاکر ریڈی ، ستیہ گوڑ ، راما گوڑ ، شیوکمار پرساد کے علاوہ دیگر کانگریسی قائدین موجود تھے ۔