کانگریس قائد کے خلاف ٹی آر ایس کارپوریٹر کی غنڈہ گردی

   

قیامگاہ پر حملہ، جی نارائن ریڈی کی پولیس سے نمائندگی
حیدرآباد۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے خازن جی نارائن ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مضافاتی علاقہ میڈی پلی میں کانگریس قائدپوریندر ریڈی کی قیامگاہ پر ٹی آر ایس کے کارپوریٹر سریدھر گوڑ اور ان کے ساتھیوں نے حملہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کانگریسی قائد اور ان کے گھر والوں کو بیدردی سے نشانہ بنایا گیا لیکن پولیس کارروائی سے گریز کررہی ہے۔ حملہ کا ویڈیو سوشیل میڈیا میں وائرل ہونے کے باوجود محکمہ پولیس اور اعلیٰ عہدیداروں کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح کسی اعلیٰ عہدیدار کے رشتہ داروں پر حملہ کی صورت میں مقدمہ درج کیا جاتا ہے اسی طرح ٹی آر ایس کارپوریٹر سریدھر گوڑ کے خلاف کارروائی کی جائے۔ تلنگانہ میں برسراقتدار پارٹی کے قائدین پولیس کا سہارا لے کر اپوزیشن کو نشانہ بنارہے ہیں اور حملہ کا شکار افراد کی کوئی سنوائی تک نہیں ہوتی۔ یہ معاملہ انسانی حقوق کمیشن سے رجوع کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ ایڈیشنل ڈائرکٹر جنرل پولیس لاء اینڈ آرڈر جتیندر کو اس واقعہ سے واقف کرایا گیا ہے۔ مقامی افراد اور پولیس کے درمیان ملی بھگت کی تحقیقات ہونی چاہیئے۔ میڈی پلی ٹاؤن میں ٹی آر ایس قائد کی قیادت میں رئیل اسٹیٹ مافیا سرگرم ہے جو غریبوں کی اراضیات پر قبضہ کرنا چاہتا ہے۔