تھانے 12 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کانگریس پارٹی اور اس کے آنجہانی قائدین پر قابل اعتراض ٹویٹ کرنے کے معاملے میں بی جے پی کے قومی ترجمان سمبت پاترا کے خلاف رپورٹ درج کی گئی ہے ۔مہاراشٹرا پولیس نے منگل کو یہ اطلاع دی۔ انڈین یوتھ کانگریس کے جنرل سکریٹری برج کشور دت نے پاترا کے خلاف شکایت کی جس کے بعد یہ رپورٹ درج کی گئی ۔بی جے پی ترجمان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اگر کانگریس کے دور اقتدار میں کووڈ ۔ 19کا مسئلہ پیدا ہوتا تو بڑے پیمانے پر پیسوں کا گھپلہ اور غلط استعمال ہوتا۔ بی جے پی ترجمان نے اپنے متنازعہ ٹویٹ میں کہا، ’’اگر یہ وبا کانگریس کے دور اقتدار میں آئی ہوتی تو پانچ ہزار کروڑ روپے ماسک پر، سات ہزار کروڑ روپے کورونا جانچ کٹ پر، 20 ہزار کروڑ روپے سینیٹائزر پر اور 26 ہزار کروڑ روپے راجیو گاندھی وائرس ریسرچ پر خرچ کئے جاتے ۔‘‘ کشور نے شکایت میں کہا کہ اس کے علاوہ پاترا نے پنڈت جواہر لال نہرو اور راجیو گاندھی کی تصاویر کا استعمال کرتے ہوئے پارٹی کے قدآور لیڈروں کی بدنامی کی ہے۔
