کانگریس مرکز میں حکومت تشکیل دینے ممتاسے تائید طلب نہیں کریگی

   

چٹ فنڈ اسکام کی سی بی آئی تحقیقات میں تعطل پر سمن مترا کا سوال

کولکتہ 18 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) مغربی بنگال کے کانگریس ریاستی یونٹ کے صدر سمن مترا نے کہاکہ کانگریس اپنی قیادت میں جب بھی کوئی حکومت قائم کرے گی تو وہ اس کے لئے ممتا بنرجی کی ترنمول کانگریس کی کبھی تائید حاصل نہیں کرے گی۔ جاریہ انتخابات کے بعد معلق لوک سبھا بھی تشکیل پاتی ہے تو ایسی صورت میں بھی کانگریس وزارت عظمیٰ کی دعویداری کے موقع پر ٹی ایم سی کی حمایت نہیں چاہے گی۔ اُنھوں نے ممتا بنرجی کو آر ایس ایس اور بی جے پی کی ایک بہت ہی قابل اعتماد حلیف قرار دیا۔ مترا نے ایک انٹرویو کے دوران کہاکہ ممتا بنرجی اور ان کی پارٹی مخالف بی جے پی طاقت کا ایک ناقابل اعتبار فریق ہے۔ انھوں نے ادعا کیاکہ بنرجی نے سیاسی متبادل کا اختیار کھلا رکھا ہے تاکہ بی جے پی کو اس سے فائدہ حاصل ہوسکے اور انتخابات کے بعد اس سے مدد حاصل کی جاسکے۔ مترا کا کہنا تھا کہ وہ پوری ذمہ داری کے ساتھ یہ کہہ سکتے ہیں کہ کانگریس اکثریت حاصل نہ کرنے کی صورت میں مرکز میں آئندہ اپنی حکومت کے قیام کے موقع پر ممتا بنرجی یا ٹی ایم سی کی مدد حاصل نہیں کرے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ ہمیں ان کی مدد کی ضرورت ہی نہیں پڑے گی۔ ہم اپنے حلیفوں کے ساتھ مل کر حکومت قائم کریں گے۔ ہمیں اُمید ہے کہ یو پی اے کو اطمینان بخش اکثریت حاصل ہوجائے گی۔ بنرجی نے اکثر دعویٰ کیا ہے کہ کانگریس ان کے بغیر اپنے بل بوتے پر حکومت قائم نہیں کرسکے گی۔ اُنھوں نے اپوزیشن کی ایک ریالی بھی منعقد کی تھی اور راہول کانگریس کے ’’امکانی وزیراعظم‘‘ ہیں۔ کانگریس نے اپنے قائدین ابھیشک سنگھوی اور ملکارجن کھرگے کو بنرجی کی تائید میں اپنی جماعت کے صدر راہول گاندھی کے مکتوب کے ساتھ ممتا کی ’’متحدہ ہندوستان‘‘ کی ریالی کے لئے روانہ کیا تھا۔ مترا سے جب پوچھا گیا کہ کیا کانگریس ممتا بنرجی کی وزارت عظمیٰ کی دعویداری کی تائید کرے گی؟ مترا نے جواب دیا کہ کانگریس نے ممتا کی تائید حاصل کرے گی اور نہ ہی ان کی وزارت عظمیٰ کی دعویداری کی تائید کرے گی۔