کانگریس نے پھر رافیل کی قیمت عام کرنے کا مطالبہ کیا

   

نئی دہلی۔فرانس سے 5 رافیل طیاروں کی پہلی کھیپ ملک میں پہنچنے کے درمیان کانگریس نے ایک بارپھر اس کی قیمت کو عام کرنے کا مطالبہ کیا ہے ۔کانگریس جنرل سکریٹری اور مدھیہ پردیش کے سابق وزیراعلی دگوجے سنگھ نے چہارشنبہ کو ٹویٹ کر کے کہا،‘‘ایک رافیل کی قیمت کانگریس حکومت نے 746 کروڑ روپے طے کی تھی لیکن ‘چوکیدار’ صاحب کئی بار پارلیمنٹ میں اور پارلیمنٹ کے باہربھی مطالبہ کرنے کے باوجود آج تک ایک رافیل کتنے میں خریدہ ہے ،بتانے سے بچ رہے ہیں۔کیوں؟کیونکہ چوکیدار جی کی چوری پکڑی جائے گی!!‘چوکیدار’جی اب تو اس کی قیمت بتا دیں۔سال 2019 کے عام انتخابات میں رافیل کی قیمت کا مسئلہ کانگریس نے زور و شور سے اٹھایا تھا۔یہاں تک کہ یہ معاملہ سپریم کورٹ میں بھی پہنچا تھا۔کانگریس رکن پارلیمنٹ نے کہا،‘‘آخر رافیل فائٹر پلین آگیا۔126 رافیل خریدنے کے لئے کانگریس کی قیادت میں ترقی پسند اتحاد نے 2012 میں فیصلہ کیا تھا اور 18 رافیل کو چھوڑ کر باقی ہندوستانی حکومت کی ہندوستانی ایرونوٹکس لمیٹیڈ میں بنانے کا التزام تھا۔یہ ہندوستان کے خودمختار ہونے کا ثبوت تھا۔ایک رافیل کی قیمت 746 کروڑ طے کی گئی تھی۔’’ سنگھ نے آگے لکھا،‘‘مودی حکومت آنے کے بعد فرانس کے ساتھ مودی جی نے بغیر وزارت دفاع اور خزانہ اور کابینہ کمیٹی کی منظوری کے نیا معاہدہ کرلیا اور ہندوستان ایرونوٹکس لیمیٹیڈ کا حق مار کر نجی کمپنی کو دینے کا معاہدہ کرلیا۔قومی سلامتی کی اندیکھی کرکے 126 رافیل خریدنے کے بجائے صرف 36 خریدنے کا فیصلہ کیا۔