کانگریس نے ڈاکٹر امبیڈکر کی توہین کی تھی : کے ٹی آر

   

ٹینک بینڈ پر مجسمہ نصب کرنے کا اعلان، کانگریس کے الزامات مسترد
حیدرآباد: ڈاکٹر بی آر امبیڈکرکے مجسمہ کی تنصیب کے مسئلہ پر کانگریس کی جانب سے حکومت پر تنقیدوں کا وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے اسمبلی میں سخت جواب دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کی کانگریس پارٹی نے توہین کی تھی۔ گریٹر حیدرآباد اور دیگر شہروں کی ترقی کے بارے میں مباحث کا جواب دیتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ کانگریس پارٹی ڈاکٹر امبیڈکر کا احترام نہ کرنے کا الزام عائد کر رہی ہے۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے حیدرآباد میں امبیڈکر کا مجسمہ نصب کرنے کا مطالبہ کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ امبیڈکر کی توہین تو کانگریس پارٹی نے کی تھی ۔ 1952 ء کے پہلے عام انتخابات میں کانگریس نے ڈاکٹر امبیڈکر کو شکست دی تھی۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر امبیڈکر کو کانگریس نے بھارت رتن کا اعزاز نہیں دیا ۔ کانگریس پارٹی کو ڈاکٹر امبیڈکر کے بارے میں اظہار خیال کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس امبیڈکر کا احترام کرتی ہے، اسی لئے بورہ بنڈہ میں سنٹر فار دلت اسٹڈیز کے روبرو 28 فٹ بلند مجسمہ نصب کیا گیا ۔ ٹینک بنڈ پر 125 فٹ طویل امبیڈکر کا مجسمہ نصب کیا جائے گا ۔ انہوں نے ریمارک کیا کہ اگر کانگریس ڈاکٹر امبیڈکر کے اصولوں پر کاربند ہوتی تو اس کا حشر برا نہ ہوتا ۔