کانگریس نے کے راجگوپال ریڈی کے ریمارکس کا سخت نوٹ لیا

   

صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی کی تادیبی کمیٹی کو جائزہ لینے کی ہدایت دی
حیدرآباد ۔ 16 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی بی مہیش کمار گوڑ نے کانگریس کے رکن اسمبلی کومٹ ریڈی راجگوپال ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی کے خلاف کیے جانے والے ریمارکس کا سخت نوٹ لیتے ہوئے تلنگانہ کانگریس کی تادیبی کمیٹی کو اس کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ ریاستی کابینہ میں شامل نہ کرنے پر کومٹ ریڈی راج گوپال ریڈی مسلسل چیف منسٹر کے خلاف ریمارکس کررہے ہیں جس پر میڈیا کے نمائندوں کی جانب سے پوچھے گئے سوالات کا جوابات دیتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں قائدین کو اظہار خیال کی مکمل آزادی ہے ۔ اس کا مطلب یہ نہیں ہے کہ پارٹی قائدین جو چاہے وہ بات نہیں کرسکتے ۔ پارٹی میں ڈسپلین انتہائی ضروری ہے ۔ ڈسپلین شکنی کرنے والوں کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا ۔ مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ وہ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر ملو روی کو کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی کی جانب سے کئے جانے والے ریمارکس کا جائزہ لینے کی ہدایت دی ہے ۔ صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی نے کہا کہ کانگریس حکومت عوام سے کئے گئے تمام وعدوں کو پورا کررہی ہے ۔ ذات پات کا سروے کیا گیا ہے ۔ بی سی طبقات کو تعلیم ، ملازمتوں اور سیاست میں 42 فیصد تحفظات فراہم کئے گئے ہیں ۔ کانگریس پارٹی ہی بی سی طبقات سے انصاف کرے گی ۔ بی آر ایس اور بی جے پی بی سی طبقات کو صرف ووٹ بنک کی نظر سے دیکھتے ہوئے ان کا سیاسی طور پر استحصال کررہی ہیں ۔ اسمبلی میں بی سی بلز کی تائید کرنے والی دونوں جماعتیں یو ٹرن لے چکی ہیں ۔۔ 2