این ڈی اے نے خواتین کو با اختیار بنانے کئی اسکیمات کا آغاز کیا ۔ مدورائی میں مودی کا خطاب
مدورائی ۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے آج ٹاملناڈو میں ڈی ایم کے اور کانگریس پر شدید تنقید کی اور ان کے قائدین پر الزام عائد کیا کہ وہ خواتین کی ہتک کرتے رہتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کو با اختیار بنانے این ڈی اے حکومت کی اسکیمات کی وضاحت بھی کی ۔ اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ آنجہانی چیف منسٹر ایم جی رامچندرن نے سماج کی ترقی اور خوشحالی کیلئے جو ویژن دیا تھا اس سے ہمیں حوصلہ ملتا ہے ۔ ڈی ایم کے اور کانگریس پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان جماعتوں کا کوئی ایجنڈہ نہیں ہے اور یہ دونوں جماعتیں عوام کی عزت و سلامتی کی ضمانت نہیں دے سکتیں۔ ان کے اقتدار میں لا اینڈ آرڈر کیص ورتحال بھی متاثر ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ وہ سمجھتے ہیں کہ ڈی ایم کے اور کانگریس کے پاس عوام میں پیش کرنے کیلئے کوئی ایجنڈہ نہیں ہے تاہم ان جماعتوں کو اپنے جھوٹ پر قابو کرنے کی ضرورت ہے کیونکہ عوام بیوقوف نہیں ہیں۔ نریندر مودی نے کہا کہ مدورائی در اصل خواتین کو با اختیار بنانے کی تعلیم دیتا ہے ۔ وزیر اعظم نے دعوی کیا کہ این ڈی اے کی جانب سے خواتین کو با اختیار بنانے کی سمت کئی اسکیمات شروع کی گئی ہیں ان میں اجول اسکیم بھی شامل ہے ۔ سوچھ بھارت مشن ‘ اجول یوجنا اور دوسری اسکیمات کے ذریعہ خواتین کو با اختیار بنایا جا رہا ہے ۔ تاہم افسوس کی بات ہے کہ کانگریس اور ڈی ایم کے نے مدورائی کی اقدار کو نہیں سمجھا ہے ۔ ان کے قائدین کی جانب سے بارہا خواتین کی ہتک کی جاتی ہے ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغْر یہ ریمارک کئے ہیں۔ مودی نے مزید الزام عائد کیا کہ ڈی ایم کے اور کانگریس اتحاد نے مدورائی کے امن پسند عوام کو مافیا میں تبدیل کرنے کی کوشش کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے اور کانگریس کی جانب سے عوام کی سلامتی اور عزت کی کوئی ضمانت نہیں دی جاسکتی ۔ ان کے اقتدار میں لا اینڈ آرڈر کی صورتحال میں بھی گراوٹ آئے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم کے اور کانگریس نے اپنے اقتدار میں کچھ مقامی روایات پر بھی پابندی عائد کرتے ہوئے ٹامل عوام کے جذبات کو ٹھیس پہونچائی ہے ۔ وہ عوام کا درد سمجھ سکتے ہیں۔ ان کی حکومت ان روایات کو بحال کرے گی اور عوام کے جذبات کا احترام کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے نے عوام کے احساسات کو سمجھتے ہوئے مدورائی میں آل انڈیا انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائینسیس کے قیام کو منظوری دی ہے ۔ کانگریس اور ڈی ایم کے نے کبھی ایسا ارادہ تک نہیں کیا تھا ۔