سی ایل پی کا اجلاس، محض سات دن ناکافی، اتم کمار ریڈی اور دوسروں کی شرکت
حیدرآباد۔24 ۔ستمبر (سیاست نیوز) کانگریس لیجسلیچر پارٹی نے اسمبلی اور کونسل کے اجلاس میں عوامی مسائل کو شدت کے ساتھ پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ اسمبلی کے احاطہ میں کانگریس لیجسلیچر پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا کے علاوہ رکن پارلیمنٹ اتم کمار ریڈی ، رکن کونسل جیون ریڈی ، ارکان اسمبلی جگا ریڈی ، سریدھر بابو اور سیتکا نے شرکت کی ۔ اجلاس میں عوام کو درپیش مختلف مسائل کے سلسلہ میں حکومت سے پرزور نمائندگی اور ایوان میں جدوجہد کا فیصلہ کیا گیا ۔ سی ایل پی کا احساس ہے کہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں سنجیدہ نہیں ہے۔ اور اسمبلی اجلاس کو کم از کم 20 دن منعقد کرنے کی تجویز کو قبول نہیں کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ سات روزہ اجلاس کے دوران دلت بندھو ، آر ٹی سی ، طلبہ ، برقی شرحوں اور آر ٹی سی کرایوں میں اضافہ کی تجویز ، دھرانی پورٹل ، بیروزگاری ، مہنگائی اور زراعت کے مسائل پر حکومت سے نمائندگی کی جائے گی۔ بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ ارکان کو مختلف موضوعات الاٹ کئے جائیں گے۔ انہوں نے بتایا کہ بی ایس سی اجلاس میں انہوں نے ایام کار میں اضافہ کی تجویز پیش کی لیکن حکومت اس کے لئے تیار نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر اسمبلی سے خواہش کی گئی کہ وہ کانگریس ارکان کو اظہار خیال کے لئے زیادہ موقع فراہم کریں کیونکہ اپوزیشن عوامی مسائل کو بہتر انداز میں پیش کرسکتا ہے۔ ر