کانگریس پارٹی ملک کے غداروں کا ’کلب‘ :سمبت پاترا

,

   

ڈگ وجئے سنگھ کے آرٹیکل 370 سے متعلق بیان پر بی جے پی کا شدید ردعمل

نئی دہلی : بھارتیہ جنتا پارٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ کانگریس پارٹی ملک کے غداروں کا ’کلب‘ ہے جو ایک طویل عرصے سے اسے ‘’ٹول کٹ‘ کے ذریعہ ملک کو کھوکھلا کرنے کا کام کررہی ہے ۔ہفتیہ کو ایک پریس کانفرنس میں بی جے پی کے ترجمان سمبت پاترا نے کانگریس کے سینئر قائداور مدھیہ پردیش کے سابق چیف منسٹر دگ وجے سنگھ کے آرٹیکل 370 سے متعلق مبینہ ریمارکس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا ‘‘ مسٹر سنگھ وہی شخص ہیں جنھوں نے پلوامہ حملے کو ایک حادثہ قرار دیا تھا اور اسے دہشت گردانہ حملہ ماننے سے انکار کردیاتھا۔ سنگھ وہ ہیں جنہوں نے ممبئی دہشت گردانہ حملے کو راشٹریہ سویم سیوک سنگھ (آر ایس ایس) کی سازش قرار دیا اور اس وقت پاکستان کا ساتھ دیا۔ کشمیر جیسے سنگین معاملے پر کانگریس کے قائد کا یہ بیان کانگریس کی ذہنیت کو ظاہر کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان کے خلاف کس طرح بولنا ہے ، وزیر اعظم نریندر مودی کے خلاف کس طرح زہر اگلنا ہے ، ان تمام سازشوں کو ٹول کٹ کے ذریعہ سرانجام دیا جارہا ہے ۔ سمبت پاترا نے کہا کہ ‘کلب ہاؤس’ معاملہ بھی ٹول کٹ سے منسلک ہے ۔ ایک پاکستانی صحافی کی جانب سے یہ پوچھا جاتا ہے کہ مودی حکومت کب تک چلے گی اور کانگریس اس کا جواب دیتی ہے کہ اگر مودی حکومت ختم ہوجاتی ہے اور کانگریس کی حکومت بنتی ہے تو ، آرٹیکل 370 کو کشمیر میں دوبارہ بحال کیا جائے گا۔ یہ انتہائی قابل مذمت بات ہے ۔ کانگریس کی عبوری صدر سونیا گاندھی کو اس کا جواب دینا چاہئے ۔انہوں نے کہا کہ اسی طرح کانگریس کے رہنما منی شنکر ایئر پاکستان جاتے ہیں اور یہ بیان دیتے ہیں کہ ہندوستان کے وزیر اعظم کو ہٹانا پڑے گا اور کانگریس کو واپس لانا ہوگا۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ کانگریس مسٹر مودی کو پاکستان کی مدد سے ہٹانا چاہتی ہے ۔ آج بھی کانگریس اس سازش کو پورا کرنے میں مصروف ہے ۔ پہلے منی شنکر ایسے بیانات دیتے تھے ، آج دگ وجے سنگھ ایسا ہی کہہ رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ‘‘مسٹر سنگھ پاکستان کے ساتھ ہاں میں ہاں ملا رہے ہیں۔ وہ کشمیر کو پلیٹ میں رکھ کر پاکستان کے حوالے کرنا چاہتا ہے ۔بی جے پی کے ترجمان نے کہا کہ کانگریس شروع ہی سے کشمیر میں امن نہیں چاہتی اور مختلف طریقوں سے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش کررہی ہے ۔ مسٹرسنگھ کے کلب ہاؤس میں ہونے والی بات چیت بھی کانگریس کے ٹول کٹ کا ایک حصہ ہے ۔بی جے پی ترجمان نے سابق کانگریس صدر راہول گاندھی پر یہ کہتے ہوئے الزام لگایا کہ جب جموں وکشمیر میں آرٹیکل 370 کو ہٹایا گیا تھا تو مسٹر گاندھی نے ٹویٹ کیا تھا کہ آرٹیکل 370 کو ختم کرکے بی جے پی نے ایک بہت بڑی غلطی کی ہے ۔