کانگریس پارٹی پر ہریش راؤ کی تنقیدیں بیجا : جگا ریڈی

   

Ferty9 Clinic

تلنگانہ کے تمام اہم پراجکٹس کانگریس کے تعمیر کردہ، تنقیدوں سے گریز کا مشورہ
حیدرآباد۔/21 جون، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن اسمبلی جگا ریڈی نے آبپاشی پراجکٹس کے مسئلہ پر سابق وزیر ہریش راؤ کی جانب سے کانگریس پر کی گئی تنقیدوں کو مسترد کردیا۔ انہوں نے میڈیا کے نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پراجکٹ کوئی بھی تعمیر کرے تائید کرنی چاہیئے۔ یہی وجہ ہے کہ میں نے کالیشورم پراجکٹ کے معاملہ میں کے سی آر کی تائید کی لیکن ہریش راؤ کی جانب سے کانگریس پر تنقید کرنا مناسب نہیں ہے۔ جگا ریڈی نے کہا کہ ہریش راؤ کا یہ کہنا معلومات کی کمی کا نتیجہ ہے کہ گزشتہ 30 برسوں میں کانگریس نے ایک بھی پراجکٹ تعمیر نہیں کیا۔ انہوں نے سوال کیا کہ ہریش راؤ جو پانی پی رہے ہیں وہ سنگور اور منجیرا پراجکٹس کیا کانگریس پارٹی کے تعمیر کردہ نہیں ہیں۔ کانگریس نے کلواکرتی، نیٹم پاڈو، ایلم پلی، جورالہ، ایس ایل بی سی اور دیوادولہ پراجکٹس تعمیر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس کے تعمیر کردہ پراجکٹس سے عوام کو نہ صرف پینے کا پانی بلکہ فصلوں کیلئے پانی سیراب کیا گیا۔ گزشتہ 40 برسوں سے سنگور اور منجیرا سے عوام عوام پینے پی رہے ہیں۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کے سی آر کو خوش کرنے کیلئے ہریش راؤ کانگریس پر تنقید کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہریش راؤ کانگریس کے تعمیر کردہ پراجکٹس سے واقف نہیں ہیں تو وہ اپنے ماما کے سی آر سے معلومات حاصل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم پراجکٹ کی افتتاحی تقریب میں مدعو نہ کئے جانے سے ہریش راؤ صدمہ میں ہیں جس کے سبب وہ کانگریس پارٹی کو نشانہ بنارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہریش راؤ کانگریس پر تنقیدوں کا سلسلہ ترک نہیں کریں گے تو کانگریس خاموش نہیں رہے گی۔ جگاریڈی نے ریمارک کیا کہ ہریش راؤ کانگریس کے تعمیر کردہ پراجکٹس کا پانی پی کر بڑے ہوئے ہیں لیکن وہ اس حقیقت کو جان بوجھ کر فراموش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں تعمیر کئے گئے آبپاشی پراجکٹس کی اکثریت کانگریس دور حکومت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے جس طرح ہریش راؤ کو نظرانداز کردیا ہے اس سے سابق وزیر بوکھلاہٹ کا شکار دکھائی دے رہے ہیں۔