قومی پرچم لہرانے کا فیصلہ، بی جے پی پر تاریخ مسخ کرنے کا الزام
حیدرآباد۔/8 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی 17 ستمبر کو ریاست حیدرآباد کے انڈین یونین میں انضمام کے موقع پر تمام اضلاع میں پرچم کشائی انجام دے گی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے بتایا کہ پارٹی ہیڈکوارٹر گاندھی بھون کو تمام ضلع کانگریس صدور دفاتر پر قومی پرچم لہرایا جائے گا اور عوام کو تلنگانہ انضمام کی حقیقی تاریخ سے واقف کرایا جائے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی 17 ستمبر 1948 کی تاریخ کو مسخ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ بی جے پی اسوقت کے وزیر اعظم پنڈت جواہر لعل نہرو اور وزیر داخلہ سردار پٹیل میں اختلافات کا جھوٹا پروپگنڈہ کررہی ہے حالانکہ انضمام کیلئے جنرل چودھری کے ذریعہ جو فوجی کارروائی کی گئی تھی اسے مرکزی کابینہ کی منظوری حاصل تھی۔ انہوں نے کہا کہ امیت شاہ نے کشمیر کے خصوصی موقف کی برخواستگی سے متعلق پارلیمنٹ میں جب پیش کیا تھا تو کیا اسے وزیر اعظم کی منظوری حاصل نہیں تھی؟ ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے قائد رام مادھو کا تعلق آندھرا پردیش سے ہے اور وہ تلنگانہ کی تاریخ سے واقف نہیں ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ بی جے پی 17 ستمبر کو یوم نجات کے طور پر منانے کی تیاری کررہی ہے اور امیت شاہ کو مدعو کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ انڈین یونین میں حیدرآباد اسٹیٹ کے انضمام کیلئے نظام کے خلاف مسلح جدوجہد میں کمیونسٹ اور کانگریس قائدین نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا تھا۔ جن سنگھ اور بی جے پی کا کوئی وجود نہیں تھا اور نہ ہی اس وقت کے جن سنگھ قائدین نے نظام حیدرآباد کے خلاف جدوجہد میں حصہ لیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو آزادی کے ایک سال بعد حیدرآباد اسٹیٹ کا انڈین یونین میں انضمام ہوا ۔ اس دن کو بی جے پی سیاسی مقاصد کیلئے استعمال کرنا چاہتی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ پنڈت جواہر لال نہرو اور سردار ولبھ بھائی پٹیل نے حیدرآباد اسٹیٹ کے انضمام میں یکساں رول ادا کیا ہے لیکن بی جے پی دونوں کو الگ الگ دکھانے کی کوشش کررہی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے چیف منسٹر کے سی آر سے 17 ستمبر کے یوم کو سرکاری طور پر منانے کا مطالبہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران کے سی آر نے بارہا اعلان کیا تھا کہ تلنگانہ میں یہ دن سرکاری طور پر منایا جائے گا۔ انہوں نے اسوقت کی کانگریس حکومت سے سرکاری طور پر یوم انضمام منانے کی اپیل کی تھی اب جبکہ کے سی آر برسراقتدار ہیں انہیں یوم انضمام حیدرآباد اسٹیٹ سرکاری طور پر منانا چاہیئے۔ صدر پردیش کانگریس نے کہا کہ نئی نسل کو تلنگانہ کی تاریخ سے واقف کرایا جائے گا۔
