ہر ضلع میں ماسک، ادویات اور غذائی اجناس کی تقسیم، کور کمیٹی کا اجلاس، اتم کمار ریڈی کا خطاب
حیدرآباد۔ کانگریس پارٹی نے21 مئی کو سابق وزیر اعظم آنجہانی راجیو گاندھی کی 30 ویں برسی کے موقع پر ریاست بھر میں کورونا کے مریضوں کیلئے امدادی پروگرام منعقد کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاست کے تمام میونسپل وارڈز کے تحت عوام میں ماسک، ادویات اور غذائی اجناس کی تقسیم عمل میں آئے گی۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی کی ہدایت پر یہ پروگرام تلنگانہ کے ہر ضلع میں منعقد کیا جائے گا۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی اور سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے کورونا امدادی کاموں کے سلسلہ میں زوم پر کور کمیٹی اجلاس سے خطاب کیا۔ آل انڈیا کانگریس کمیٹی نے ملک بھر میں ریلیف کے کاموں کی ہدایت دی ہے۔ کور کمیٹی کے اجلاس میں کانگریس کے رکن پارلیمنٹ راجیو ستاؤ کے دیہانت پر خراج پیش کیا گیا۔ اتم کمار ریڈی اور بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی غلط پالیسیوں اور غلط فیصلوں کے نتیجہ میں تلنگانہ میں کورونا وباء عروج پر ہے۔ مریضوں کی تعداد اور اموات میں دن بہ دن اضافہ ہورہا ہے لیکن حکومت حقائق کو پیش کرنے سے گریز کررہی ہے۔ عوام کو کورونا کا علاج مفت فراہم کرنے کیلئے آروگیہ سری اسکیم میں شامل کیا جائے۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ ریاست کے سرکاری دواخانوں میں آکسیجن، وینٹی لیٹرس، بستر کے علاوہ ادویات کی کمی کے باعث روزانہ اموات واقع ہورہی ہیں۔ غریب و متوسط طبقات علاج کیلئے در در کی ٹھوکر کھارہے ہیں۔ اتم کمار ریڈی نے کور کمیٹی کے اجلاس کے بعد ضلع کانگریس صدور کے ساتھ آن لائن اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا کے علاوہ اے آئی سی سی سکریٹریز بوس راجو، سرینواس کرشنن، مدھو یاشکی ، سمپت کمار، رکن اسمبلی سریدھر بابو، جگاریڈی، رکن کونسل جیون ریڈی، رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی، ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر، کسم کمار، سابق پی سی سی صدور پونالہ لکشمیا، وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین نے شرکت کی۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ مرکزی اور ریاستی حکومت کورونا پر قابو پانے میں ناکام ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ سائینسدانوں کی توجہ دہانی کے باوجود حکومتوں نے کوئی دلچسپی نہیں لی جس کے نتیجہ میں کورونا نے تباہی مچائی ہے۔ انہوں نے ادویات، ویکسین اور آکسیجن کی سربراہی میں حکومت پر ناکامی کا الزام عائد کیا۔ ضلع کانگریس کمیٹیوں سے اپیل کی گئی ہے کہ وارڈ کی سطح پر عوام میں 21 مئی کو ماسک ، ادویات اور غذائی اجناس کی تقسیم عمل میں لائی جائے۔ کانگریس قائدین نے کہا کہ حکومت کو بہتر علاج کی سہولتوں پر فوری توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔