کانگریس پر آر ایس ایس کی مدد حاصل کرنے کا الزام

   

سمن مترا کی تردید ، ممتا پر ماضی میں بی جے پی سے ہاتھ ملانے کا دعویٰ

بیلاڈنگا ( مغربی بنگال ) ۔ 16 ۔ اپریل : ( سیاست ڈاٹ کام ) : مغربی بنگال کی وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے دوشنبہ کو کانگریس پر الزام لگایا کہ وہ مغربی بنگال کے انتخابات جیتنے کے لیے آر ایس ایس کی مدد لے رہی ہے اور یہ تنظیم ہندوستان کے سابقہ صدر پرنب مکرجی کے فرزند ابھجیت مکرجی کی کامیابی کے لیے مہم چلا رہی ہے ۔ انہوں نے مسلمانوں کی غالب آبادی والے ضلع مرشد آباد میں بیلاڈنگا کے مقام پر ایک انتخابی جلسے کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے شکایات کا پٹارہ کھولنے پر مجبور مت کیجئے اس سے کانگریس کے تمام منصوبے کا پول کھل جائے گا ۔ ممتا بنرجی کے الزامات پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کانگریس نے الٹا ممتا بنرجی کو مغربی بنگال میں آر ایس ایس کے طاقتور ہونے کے لیے ذمہ دار ٹھہرایا ۔ کانگریس کے ریاستی صدر سمن مترا نے کہا کہ آر ایس ایس ، کانگریس کی مدد نہیں کررہی ہے بلکہ وہ مغربی بنگال کی حکمران جماعت کا تحفظ کررہی ہے ۔ ممتا بنرجی نے کہا کہ آر ایس ایس جہاں جنگی پور میں ابھیجیت بنرجی کے لیے اور بہرام پور میں ادھیر چودھری کے لیے انتخابی مہم چلا رہی ہیں وہیں سی پی آئی ( ایم ) ، بی جے پی کے ہاتھوں بک چکی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بہرام پور کے کانگریس امیدوار ادھیر چودھری کی انتخابات جیتنے کے لیے بائیں بازو اور بی جے پی کی مدد کرنے کی چال کامیاب نہ ہوسکے گی ۔ انہوں نے کہا کہ ’ مغربی بنگال کے لوگ ایسی جماعت کو ووٹ نہیں دیں گے جس کا کردار مشتبہ ہو ۔ ٹی ایم سی کے بہرام پور کے امیدوار اپورہا سرکار ڈیوڈ جو چودھری کے خلاف کھڑے انہوں نے کانگریس کا ساتھ چھوڑ کر ترنمول کانگریس میں شرکت کرلی ہے ۔ ممتا بنرجی نے بتایا کہ بائیں بازو ، کانگریس اور بی جے پی کی مشترکہ چال کا مغربی بنگال کے عوام مناسب جواب دیں گے اور ترنمول کانگریس مغربی بنگال کی تمام 42 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی ۔ ضلع بھون گولا میں ایک ریلی کو مخاطب کرتے ہوئے بنرجی نے بی جے پی پر چوٹ کرتے ہوئے بیان کیا کہ بی جے پی مذہبی کارڈ استعمال کر کے سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔ ممتا نے این آر سی کا تذکرہ کرتے ہوئے اس بات کو دہرایا کہ ہمیں یقین ہے کہ ہم اپنی ریاست میں بی جے پی کی اس چال کو ناکام کردیں گے ۔ انہوں نے وزیراعظم مودی پر بھی الزام لگایا کہ وہ فوج کے نام پر سیاست کررہے ہیں ۔ ممتا بنرجی کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے مترا نے کہا کہ کانگریس نے کبھی بی جے پی سے ہاتھ نہیں ملایا لیکن یہ ترنمول کانگریس کی سپریمو ممتا بنرجی ہی تھیں جنہوں نے بی جے پی سے ہاتھ ملایا تھا ۔۔