گرفتاریوں کے خلاف پولیس کو ریونت ریڈی کا انتباہ‘ اندرا پارک پر جلسہ کی اجازت
حیدرآباد۔15 ۔جولائی (سیاست نیوز) صدرپردیش کانگریس ریونت ریڈی نے پولیس کو انتباہ دیا کہ اگر کل 16 جولائی کو کانگریس کے چلو راج بھون پروگرام کو ناکام کرنے کی کوشش کی گئی تو پولیس اسٹیشنوں کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ پٹرولیم اشیاء کی اضافی قیمتوں کے خلاف کانگریس نے جمعہ کو چلو راج بھون احتجاج کا اعلان کیا ہے ۔ دھرنا چوک پر جلسہ عام کے بعد گورنر سے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس نے اس پروگرام کی اجازت نہیں دی ہے۔ راج بھون کے تمام راستوں پر بھاری پولیس تعینات کرنے کی منصوبہ بندی کرلی گئی ہے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ امن و ضبط کی صورتحال کے پیش نظر چلو راج بھون کی اجازت نہیں رہے گی ۔ پولیس نے اندرا پارک پر جلسہ عام میں صرف دو باکسز کے ساتھ تقاریر کی اجازت دی ہے۔ ریونت ریڈی کے صدارت سنبھالنے کے بعد یہ پہلا بڑا احتجاجی پروگرام ہے۔ ریونت ریڈی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پولیس کو انتباہ دیا کہ وہ کارکنوں کو گرفتار کرنے کی کوشش نہ کرے۔ اگر کارکنوں کو گرفتار کیا گیا تو کانگریس جیل بھرو پروگرام منظم کرے گی ۔ پولیس اسٹیشنوں کا گھیراؤ کیا جائے گا ۔ انہوں نے ریاست کے مختلف اضلاع سے کارکنوں کو بڑی تعداد میں شرکت کی اپیل کی ہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ قیمتوں میں اضافہ کے مسئلہ کو پارلیمنٹ میں اٹھایا جائے گا ۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ چلو راج بھون پروگرام بہرصورت کامیاب رہے گا اور وہ پروگرام کی کامیابی کے طریقہ کار سے اچھی طرح واقف ہیں۔