کانگریس کا انتخابی منشور تمام طبقات کی امیدوں کے عین مطابق رہیگا

   

لڑکیوں کی شادی پر امداد کے علاوہ ایک تولہ سونا کی تجویز، صدر نشین کمیٹی سریدھر بابو کا انکشاف
حیدرآباد۔/7 اکٹوبر، ( سیاست نیوز) کانگریس کی انتخابی منشور تیاری کمیٹی کے صدر نشین ڈی سریدھر بابو نے کہا کہ کانگریس کا منشور عوام کی توقعات کے عین مطابق رہے گا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سریدھر بابو نے کہا کہ کرناٹک میں کانگریس نے جن ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے تلنگانہ میں وہی ضمانتیں عمل کی جائیں گی جس کے تحت سماج کے تمام طبقات کا احاطہ کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں طلبہ کیلئے بھروسہ اسکیم کا اعلان کیا جائے گا جس کے تحت اعلیٰ تعلیم کے حصول کیلئے 5 لاکھ روپئے کی ضمانت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی منشور کمیٹی کو سماج کے مختلف طبقات کی جانب سے نمائندگیاں وصول ہوئی ہیں۔ طلبہ اور بیروزگار نوجوانوں نے اپنے مطالبات پیش کئے۔ اسی دوران رکن کونسل جیون ریڈی نے سریدھر بابو سے ملاقات کی اور انتخابی منشور میں مختلف وعدوں کی شمولیت کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین اور لڑکیوں کیلئے حکومت کی جانب سے مزید اعلانات کئے جائیں۔ لڑکیوں کی شادی کیلئے ایک لاکھ روپئے اور ایک تولہ سونا فراہم کرنے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس پارٹی کا انتخابی منشور تمام طبقات کی توقعات کے عین مطابق رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر نے انتخابی وعدوں کے معاملہ میں عوام کو دھوکہ دیا ہے۔