کانگریس کا چلو سکریٹریٹ پروگرام ناکام، قائدین گھروں میں محروس

   

Ferty9 Clinic

بعض قائدین کی گرفتاری، برقی بلز واپس لینے کیلئے کانگریس کا احتجاجی منصوبہ
حیدرآباد ۔11۔ جون (سیاست نیوز) تلنگانہ میں گھریلو صارفین کیلئے بھاری برقی بلز کی اجرائی کے خلاف کانگریس کے چلو سکریٹریٹ پروگرام کو ناکام بنانے کیلئے پولیس نے قائدین کو مکانات پر محروس رکھا اور بعض قائدین کو حراست میں لیا گیا ۔ لاک ڈاؤن کے دوران گھریلو صارفین کو برقی بلز جاری نہیں کئے گئے تھے اور لاک ڈاون کے بعد ایک ساتھ 90 دن کا بل ہزاروں روپئے کی شکل میں جاری کیا گیا جس سے عوام میں بے چینی پائی جاتی ہے۔ کانگریس نے حکومت سے اضافی بلز واپس لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے چلو سکریٹریٹ احتجاجی پروگرام کا اعلان کیا تھا۔ آج صبح کی ابتدائی ساعتوں میں پولیس اہم قائدین کے مکانات پہنچ گئی اور انہیں باہر نکلنے سے روک دیا۔ قائدین کو دن بھر مکانات پر محروس رکھا گیا ۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی ، ارکان پارلیمنٹ اے ریونت ریڈی ، کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی ، سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا ، سابق اپوزیشن لیڈر محمد علی شبیر ، رکن اسمبلی جگا ریڈی ، سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ ، اے آئی سی سی سکریٹری ومشی چند ریڈی ، سابق رکن پارلیمنٹ ملو روی ، سابق رکن اسمبلی مال ریڈی رنگا ریڈی ، صدر گریٹر حیدرآباد کانگریس کمیٹی انجن کمار یادو ، صدر این ایس یو آئی بی وینکٹ ریڈی اور دیگر قائدین کو مکانات میں محروس رکھا گیا ۔ رکن اسمبلی سریدھر بابو کو پولیس نے رویندرا بھارتی کے قریب اس وقت گرفتار کرلیا جب وہ اسمبلی جارہے تھے۔ انہیں پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ۔ کانگریس پارٹی نے پولیس کے رویہ کی مذمت کی ہے۔ رکن پارلیمنٹ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ کورونا لاک ڈاؤن سے متاثرہ عوام کو برقی بلز میں راحت پہنچانے کیلئے حکومت سے نمائندگی کا فیصلہ کیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپوزیشن کی سماعت کے لئے تیار نہیں ہے ۔ سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے کہا کہ پولیس کے ذریعہ حکمرانی کی جارہی ہے ۔ انہوں نے وضاحت کی کہ اضافی برقی بلز کے بارے میں چیف منسٹر سے نمائندگی کیلئے ملاقات کا وقت طلب کیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ وزیر زراعت نرنجن ریڈی نے کانگریس قائدین کو ملاقات کا وقت دیا لیکن پولیس نے انہیں گھر سے نکلنے کی اجازت نہیں دی ۔ ومشی چند ریڈی نے کہا کہ کانگریس پارٹی عوامی مسائل کیلئے جدوجہد جاری رکھے گی ۔ جگا ریڈی نے سوال کیا کہ ریاست میں آیا وزراء موجود ہیں یا نہیں۔ سکریٹریٹ میں وزراء کی کوئی سرگرمیاں نہیں ہیں۔ انہوں نے اپوزیشن قائدین کو ملاقات کا وقت نہ دیئے جانے پر چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنایا ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا پر قابو پانے میں حکومت ناکام ہوچکی ہے ۔ شام میں سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرمارکا نے اعلان کیا کہ کانگریس پارٹی اپنی جدوجہد جاری رکھے گی ۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کو چیف منسٹر ، وزراء اور عہدیداروں سے ملاقات کا حق حاصل ہے ۔ کانگریس قائدین کو شام میں مکانات سے نکلنے کی اجازت دی گئی ۔