پولیس نے جلسہ عام کی مشروط اجازت دی، ریونت ریڈی کی پدیاترا کا آغاز ہوگا
حیدرآباد۔/7 مارچ، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی کی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے ضمن میں 9 مارچ کو کریم نگر میں بڑے جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا۔ پولیس نے ابتداء میں اجازت دینے میں تامل کیا لیکن 6 مارچ کو اسسٹنٹ کمشنر پولیس سرینواس راؤ نے تحریری طور پر جلسہ عام کی اجازت دے دی۔ امبیڈکر اسٹیڈیم کریم نگر ٹاون میں جلسہ عام ہوگا۔ اس جلسہ عام میں چیف منسٹر چھتیس گڑھ بھوپیش بھگیل اور اے آئی سی سی جنرل سکریٹری جئے رام رمیش مہمانان خصوصی ہوں گے۔ ہولی کے ضمن میں ریونت ریڈی کی پدیاترا کو دو دن توقف دیا گیا ہے اور وہ 9 مارچ کو کریم نگر ٹاون میں پدیاترا کریں گے۔ پدیاترا کے بعد شام میں جلسہ عام ہوگا۔ کریم نگر میں سونیا گاندھی نے علحدہ تلنگانہ ریاست کے قیام کا اعلان کیا تھا۔ اسی مناسبت سے جلسہ عام کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ جلسہ عام کی تیاریوں کیلئے سینئر قائدین مصروف ہوچکے ہیں۔ کریم نگر کے سابق رکن پارلیمنٹ پونم پربھاکر کی نگرانی میں جلسہ عام کے انتظامات کئے جارہے ہیں۔ صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے سابق وزیر محمد علی شبیر کو جلسہ عام میں اقلیتی قائدین کے ساتھ شرکت کی دعوت دی ہے۔ علماء و مشائخ کو اس جلسہ عام میں خصوصی طور پر مدعو کیا جائیگا تاکہ کریم نگر میں اقلیتوں کی تائید کا اظہار ہو۔ ریونت ریڈی ہاتھ سے ہاتھ جوڑو یاترا کے تحت 23 دن مکمل کرچکے ہیں۔ انہوں نے 6 مارچ کو چپہ ڈنڈی میں یاترا کا اختتام کیا۔9 مارچ کو کریم نگر ٹاون کے بعد ان کی پدیاترا عادل آباد ضلع میں شروع ہوگی۔ پولیس نے جلسہ عام کے سلسلہ میں جو شرائط عائد کی ہیں ان میں جلسہ عام کا وقت شام 4 تا 8 بجے شب رہے گا اور گراؤنڈ کی گنجائش 15 ہزار ہے لہذا اس سے زیادہ افراد شرکت نہ کریں۔جلسہ عام کے سبب ٹریفک کے بہاؤ میں کوئی رکاوٹ نہ ہو۔ جلسہ عام میں اشتعال انگیز تقاریر یا نعرے نہیں لگائے جاسکتے جس سے کسی بھی مذہب یا طبقہ کے جذبات مجروح ہوتے ہوں۔ جلسہ عام کیلئے ڈرون کیمرہ کے استعمال کی اجازت نہیں رہے گی۔ر