کانگریس کرناٹک میں حکومت نہیں بنا سکے گی:جے ڈی ایس

   

بنگلورو: جنتا دل سیکولر (جے ڈی۔ایس) کے سینئر لیڈر تنویر احمد نے کرناٹک میں معلق مینڈیٹ کے پیش نظر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ساتھ انتخابات کے بعد ممکنہ اتحاد کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ ریاستی اسمبلی انتخابات میں کانگریس کو 110 سیٹیں ملنے کے بعد بھی وہ حکومت نہیں بنا پائے گی۔جے ڈی ایس لیڈر کا یہ تبصرہ کرناٹک انتخابات میں معلق مینڈیٹ کو ظاہر کرنے والے ایگزٹ پولز کے تناظر میں آیا ہے ۔ایک انگریزی نیوز چینل کے پرائم ٹائم مباحثہ میں، احمد نے کہاکہ’میں اس بات کا اعادہ کرنا چاہوں گا کہ کوئی بھی پارٹی، خاص کر کانگریس، حکومت نہیں بنا سکتی۔ میں چیلنج کرتا ہوں کہ اگر کانگریس کو 110 سیٹیں بھی مل جائیں تو وہ حکومت نہیں بناسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ ان کی پارٹی کا انتخابات کے بعد اتحاد پرفیصلہ پہلے ہی کیاجاچکا ہے اور اس کا اعلان صحیح وقت پر عوام کے سامنے کیا جائے گا۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ کانگریس اور بی جے پی دونوں نے مخلوط حکومت بنانے کیلئے ان کی پارٹی سے رجوع کرنے کی کوشش کی ہے کیونکہ زیادہ تر ایگزٹ پولز نے جے ڈی ایس کو 20-25 سیٹیں جیتنے کی پیش گوئی کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جے ڈی ایس کے بغیر کوئی بھی پارٹی اکثریتی حکومت نہیں بنا سکتی اور ان کی پارٹی کے پاس قومی پارٹیوں کی طرح وسائل اور ذرائع نہیں ہیں، لیکن ریاست میں اگلی حکومت کا حصہ بننا یقینی ہے ۔ دریں اثنا، سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدیورپا اور دیگر بی جے پی رہنماؤں نے انتخابات کے بعد جے ڈی ایس کے ساتھ اتحاد کرنے پر یہ کہتے ہوئے کوئی غور کرنے سے انکار کیا کہ ان کی پارٹی انتخابات میں اکثریت کے ساتھ جیت حاصل کرے گی۔