بس یاترا کیلئے ہائی کمان کی منظوری کا انتظار، جاریہ ماہ کے اواخر میں امیدواروں کی پہلی فہرست
حیدرآباد ۔7۔ اگست (سیاست نیوز) کانگریس نے تلنگانہ میں انتخابی سرگرمیوں کو تیز کرکے شریمتی میناکشی نٹراجن کو انتخابی مبصر مقرر کیا ۔ صدر کانگریس ملکارجن کھرگے نے چھتیس گڑھ و تلنگانہ کیلئے انتخابی مبصرین کے ناموں کا اعلان کیا ۔ تلنگانہ کیلئے میناکشی نٹراجن اور چھتیس گڑھ کیلئے ڈاکٹر ایس پرساد کو مبصر مقرر کیا گیا ہے ۔ مبصرین کی ذمہ داری رہے گی کہ وہ امیدواروں کے انتخاب اور انتخابی مہم کی حکمت عملی پر نظر رکھیں۔ پردیش کانگریس و ہائی کمان کے درمیان رابطہ کار کی طرح کام کرکے مبصر کو اہم رول ادا کرنا ہوگا۔ پارٹی نے امیدواروں کے انتخاب کیلئے علحدہ اسکرین کمیٹی تشکیل دی ہے۔ بتایا گیا کہ اسمبلی حلقہ جات کی بنیاد پر جو سروے کیا گیا، اس میں مضبوط امیدواروں کے ناموں کی فہرست تیار کی گئی ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ کیلئے کم از کم 3 یا 2 نام طئے کرکے اہلیت اور مقبولیت کی بنیاد پر ترجیحی طور پر الیکشن اسکریننگ کمیٹی کے روبرو پیش کیا جائے گا۔ یہ کمیٹی مقامی رپورٹ کی بنیاد پر امیدواروں کے نام طئے کریگی۔ ہائی کمان کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں انتخابی اعلامیہ کی اجرائی سے قبل 50 فیصد امیدواروں کی فہرست جاری کرنے کا منصوبہ رکھتا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ ماہ کے اواخر تک 50 امیدواروں کی پہلی فہرست کو قطعیت دے کر ہائی کمان سے منظوری دی جائیگی۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ ایسے حلقہ جات ہیں جہاں امیدوار کے مسئلہ پر اختلاف نہیں ہے ۔ ایسے امیدوار جن کے ناموں پر اتفاق رائے ہے ، ان کا اعلان کرکے انتخابی مہم میں شدت پیدا کی جائیگی۔ پہلی فہرست کی اجرائی کا مقصد بنیادی سطح پر کارکنوں کو متحرک کرنا ہے۔ اسی دوران جنرل سکریٹری انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے نے انتخابی حکمت عملی ساز سنیل کنگولو کی رپورٹ کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ جنرل سکریٹری اے آئی سی سی کے سی وینوگوپال نے حالیہ دورہ حیدرآباد کے موقع پر سینئر قائدین کو سنیل کنگولو کی رپورٹ سے واقف کرایا ۔ انہوں نے کرناٹک طرز پر انتخابی حکمت عملی طئے کرنے ہدایت دی۔ ذرائع کے مطابق تلنگانہ میں سینئر قائدین کی بس یاترا کے مسئلہ پر کے سی وینو گوپال نے راہول گاندھی اور ملکارجن کھرگے سے مشاورت کے بعد منظوری دی جائیگی۔ پارٹی قائدین میں اتحاد کے مظاہرہ کیلئے بس یاترا کا منصوبہ ہے۔