حیدرآباد۔/29اکٹوبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں کانگریس بس یاترا کو عارضی طور پر ملتوی کردیا گیا ۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر سی ایچ کرن کمار ریڈی نے بتایا کہ بس یاترا جو کل 30 اکٹوبر کو بھونگیر پارلیمانی حلقہ میں مقرر تھی ناگزیر وجوہات کے سبب ملتوی کردی گئی۔ جنگاؤں، آلیر اور بھونگیر حلقوں میں یاترا کا شیڈول طئے تھا ۔ بعد میں نئی تاریخ کا اعلان کیا جائیگا۔ انہوں نے بتایا کہ یاترا کے شیڈول کا قومی قائدین کے پروگرام کے مطابق اعلان ہوگا۔ بتایا گیا کہ ٹکٹ سے محروم قائدین کی ناراضگیوں اور بعض قائدین کے استعفے کے پیش نظر یہ فیصلہ کیا گیا۔ پارٹی نے ناراض قائدین کے خلاف تادیبی کارروائی کی تیاری کرلی ہے۔ بس یاترا میں راہول و پرینکا گاندھی کی شرکت سے متعلق تاریخوں کو طئے کرنا ابھی باقی ہے۔