پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس، اتم کمار ریڈی اور مدھو یاشکی گوڑ کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔26۔مئی (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے یوم تاسیس تلنگانہ کی 20 روزہ تقاریب کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے جس کا آغاز 2 جون کو ہوگا۔ کانگریس کی پولیٹکل افیرس کمیٹی کا اجلاس انچارج تلنگانہ مانک راؤ ٹھاکرے اور ریونت ریڈی کی نگرانی میں منعقد ہوا جس میں کئی اہم فیصلے کئے گئے ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مدھو یاشکی گوڑ ، اتم کمار ریڈی ، وی ہنمنت راؤ اور سریدھر بابو نے بتایا کہ ہر ماہ پولیٹکل افیرس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں تازہ ترین سیاسی صورتحال کے مطابق فیصلے ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں کے سی آر خاندان کی حکمرانی سے عوام عاجز آچکے ہیں۔ یوم تاسیس تلنگانہ کی 20 روزہ تقاریب 2 جون سے شروع ہوں گی۔ ہر ضلع میں 2 جون کو سونیا گاندھی کی تصویر کو دودھ سے نہلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اتم کمار ریڈی نے کہاکہ کے سی آر حکومت کی وعدہ خلافیوں سے عوام کو واقف کرایا جائے گا۔ بی سی طبقات کیلئے بی سی گرجنا منعقد ہوگا جس میں چیف منسٹر کرناٹک سدا رامیا اور ڈپٹی چیف منسٹر شیو کمار کو مدعو کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کے ذریعہ دلتوں کو دھوکہ دینے کی کوشش کی گئی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے پارلیمنٹ کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب کے بائیکاٹ کا اعلان کیا اور کہا کہ نریندر مودی ہندوستانی دستور کی توہین کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نئی عمارت کے افتتاح کیلئے صدر جمہوریہ کو مدعو کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ سنگ بنیاد کے موقع پر اس وقت کے دلت صدر جمہوریہ کو مدعو نہیں کیا گیا تھا ۔ وی ہنمنت راؤ نے بی جے پی کی جانب سے قلعہ گولکنڈہ میں یوم تاسیس تقاریب کی مخالفت کی ۔ انہوں نے کہا کہ نظام کی مخالفت کرنے والی پارٹی کو گولکنڈہ میں پرچم لہرانے کا حق نہیں ہے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریاست بھر میں کانگریس یوم تاسیس تقاریب منائے گی کیونکہ کانگریس نے تلنگانہ تشکیل دیا ہے۔ر