کانگریس وفادار فورم کا اجلاس، سونیا گاندھی کو مکتوب روانہ
حیدرآباد ۔25۔ فروری (سیاست نیوز) تلنگانہ کے سینئر کانگریس قائدین کا اجلاس حیدرآباد میں منعقد ہوا جس میں پارٹی کی صدارت پر راہول گاندھی کو فائز کرنے کی تائید کی گئی۔ اجلاس میں سابق وزیر ایم ششی دھر ریڈی ، سابق وزیر ایس چندر شیکھر ، نائب صدر آل انڈیا کسان کانگریس ایم کودنڈا ریڈی، سابق ایم ایل سی بی کملاکر راؤ ، نائب صدرنشین آل انڈیا او بی سی ڈپارٹمنٹ ڈاکٹر ونئے کمار ، صدرنشین تلنگانہ اٹلکچول سیل ایس شام موہن اور سابق صدرنشین اے پی کھادی بورڈ جی نرنجن نے شرکت کی ۔ کانگریس کی کارگزار صدر سونیا گاندھی کو وفاداران کانگریس فورم کے بیانر تلے مکتوب روانہ کیا گیا جس میں صدارت کے لئے راہول گاندھی کی تائید کی گئی۔ مکتوب میں کہا گیا کہ انتخابات میں کامیابی اور شکست جمہوری عمل کا حصہ ہے تاہم عوام ملک کے تحفظ کے لئے کانگریس پارٹی کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ملک کو توڑنے کے لئے بعض طاقتیں سرگرم ہیں جو ملک کے جمہوری اور سیکولر کردار کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں۔ ہندوستانی دستور کی اصل روح جمہوریت اور سیکولرازم ہے۔ کانگریس دور حکومت میں ملک نے غیر معمولی ترقی کی ۔ کانگریس نے اپوزیشن کی حیثیت سے کئی چیلنجس کا مقابلہ کیا اور مضبوط بن کر ابھری۔ 1977 ء ، 1980 ، 1989 ، 1991 اور 2004 ء میں کانگریس پارٹی نازک دور سے گزرتی رہی ۔ قائدین نے کہا کہ گاندھی خاندان کے رکن کی قیادت میں پارٹی کا استحکام ممکن ہے۔ قائدین کا ماننا ہے کہ پارٹی کے استحکام اور احیاء کے لئے راہول گاندھی کی قیادت ضروری ہے۔ اے آئی سی سی کا سیشن طلب کرتے ہوئے راہول گاندھی کو صدارت کی ذمہ داری دی جانی چاہئے ۔ قائدین نے کہا کہ وہ پارٹی کارکنوں اور عوام کی رائے کے مطابق یہ مکتوب روانہ کر رہے ہیں۔