مجالس مقامی چناؤ ، بی سی تحفظات اہم ایجنڈہ ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے مہیش کمار گوڑ اور پونم پربھاکر کی ملاقات
حیدرآباد ۔ 18۔ اگست ( سیاست نیوز) تلنگانہ میں مجالس مقامی کے انتخابات اور بی سی تحفظات پر عمل آوری کا جائزہ لینے کیلئے 23 اگست کو گاندھی بھون میں پردیش کانگریس کمیٹی کی پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوگا ۔ صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ نے پارٹی دیگر قائدین کے ہمراہ چیف منسٹر ریونت ریڈی سے اُن کی قیامگاہ پر ملاقات کی ۔ اجلاس میں ریاستی وزیر پونم پربھاکر ، سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ اور دیگر قائدین موجود تھے ۔ تلنگانہ ہائیکورٹ کی ہدایت کے مطابق 30ستمبر تک مجالس مقامی کے انتخابات کی تکمیل کرنی ہے ۔ حکومت نے پسماندہ طبقات کو 42فیصد تحفظات فراہم کرنے کیلئے اسمبلی میں جو بلز منظور کئے اور آرڈیننس کا مسودہ طئے کیا یہ دونوں صدر جمہوریہ کے پاس زیرالتواء ہیں ۔ ایسے میں تحفظات پر عمل آوری کی حکمت عملی طئے کرنے کیلئے 23اگست کی شام 5بجے گاندھی بھون میں پولیٹیکل افیرس کمیٹی کا اجلاس طلب کیا گیا ۔ سینئر قائدین سے مشاورت کے ذریعہ یہ فیصلہ کیا جائے گا کہ پارٹی کی سطح پر کس طرح 42فیصد تحفظات پر عمل کیا جائے ۔ ابتداء میں قائدین نے رائے پیش کی تھی کہ پارٹی امیدواروں میں 42فیصد پسماندہ طبقات کو منتخب کیا جائے ۔ ہائیکورٹ نے تحفظات کے تعین کیلئے حکومت کو جو مہلت دی تھی وہ ختم ہوچکی ہے ۔ تحفظات کی منظوری کیلئے مرکزی حکومت پر دباؤ بنانے 3روزہ چلو دہلی پروگرام منظم کیا گیا جس کے تحت نئی دہلی میں جنتر منتر پر مہادھرنا منظم کیا گیا تھا ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی ، ریاستی وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان اسمبلی و کونسل کے علاوہ اضلاع سے تعلق رکھنے والے قائدین نے شرکت کی تھی ۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیٹیکل افیئرس کمیٹی ، مجالس مقامی کے انتخابات کیلئے عدالت سے مزید مہلت حاصل کرنے پر بھی غور کرسکتی ہے ۔ ایسی صورت میں مجالس مقامی کے انتخابات کو ملتوی کئے جانے کے امکانات برقرار رہیں گے ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے انڈیا الائنس میں شامل تمام پارٹیوں سے اپیل کی ہے کہ وہ تحفظات بل کی منظوری کیلئے مرکز پر دباؤ بنائے ۔ اسی دوران مجالس مقامی میں ٹکٹ کے خواہش مند قائدین نے اپنی سرگرمیوں کو تیز کردیا ہے ۔ 1