حلقہ خیریت آباد میں مختلف علاقوں میں وجیہ ریڈی کا دورہ ۔ عوام سے ملاقاتیں
حیدرآباد۔14۔نومبر(سیاست نیوز) کانگریس کی 6ضمانتیں عوام کی ترقی اور خوشحالی کیلئے تیار کی گئی ہیں اور کانگریس کو اقتدار ملتے ہی ریاست میں ان 6 ضمانتوں پر عمل کا آغاز کردیا جائے گا۔ حلقہ خیریت آباد کی امیدوارہ محترمہ پی وجیہ ریڈی نے آج اپنے حلقہ کے مختلف ڈویژنس میں عوام سے گھر گھر پہنچ کر ملاقات کرکے انہیں کانگریس کی 6 ضمانتوں سے واقف کروایا اور کہا کہ خیریت آباد کے عوام کی انہیں تائید اس بات کی ضمانت ثابت ہو رہی ہے کہ ریاست میں کانگریس کی لہر چل رہی ہے۔ انہو ں نے زہرا نگر ‘ بنجارہ ہلز کے علاقوں میں اپنے گھر گھر دورہ میں کہا کہ تلنگانہ میں کانگریس کی لہر کانگریس پر عوام کے اعتماد کی دلیل ہے۔ مسز پی وجیہ ریڈی نے مقامی عوام کے مسائل کی سماعت کے بعد انہیں اس بات کا تیقن دیا کہ وہ ان کے مسائل کے حل کیلئے ہر گھڑی دستیاب رہیں گی اور جو مسائل اب تک نظرانداز کئے گئے انہیں ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے اقدامات کئے جائیں گے۔ وجیہ ریڈی نے کہا کہ حکومت تلنگانہ جس انداز میں مسلم بستیوں ‘ سلم بستیوں اور اقلیتی آبادیوں کو نظرانداز کر رہی ہے اسی طرح سے خیریت آباد میں بھی مسلمانوں کو نظرانداز کیا گیا ہے اور سلم بستیوں کے علاوہ اقلیتی غالب آبادیوں کو ترقی سے محروم رکھا گیا لیکن حلقہ خیریت آباد میں بھی 3ڈسمبر کے بعد ایک سنہرے دور کا آغاز ہوگا اور تمام طبقات و علاقوں کی مجموعی ترقی یقینی بنانے اقدامات کئے جائیں گے۔ وجیہ ریڈی نے 30نومبر کو رائے دہی کے دوران ’ہاتھ‘ کے نشان پر ووٹ دینے کی اپیل کرکے خواتین کو بتایا کہ کانگریس اقتدار میں 200 یونٹ مفت برقی‘ 500 روپئے میں گیاس سیلنڈر‘ ریاست بھر میں خواتین کو مفت بس سفر کی سہولت کے علاوہ ہر خاندان کی ایک خاتون کو ماہانہ 2500 روپئے کی ادائیگی کا وعدہ کانگریس نے کیا ہے اس کے علاوہ 6 ضمانتوں میں ضعیف افراد کیلئے ماہانہ 4000 روپئے وظیفہ اور دیگر منصوبوں کو پیش کیاگیا ۔ انہو ںنے بتایا کہ ان 6 ضمانتوں پر عمل کو یقینی بنانے اور اپنی ‘ اپنے افراد خاندان اور علاقہ کی ترقی کیلئے کانگریس کو ووٹ دینے کو یقینی بنائیں اور حلقہ خیریت آباد کی دختر ‘ پی جے آر کی دختر کو کامیاب بنائیں۔