کانگریس کے سابق رکن راجیہ سبھا آنند بھاسکر بی جے پی میں شامل

   

نئی دہلی میں مرکزی وزیر جے پی نڈا سے ملاقات
حیدرآباد ۔ 4۔ اپریل (سیاست نیوز) کانگریس کے سابق رکن راجیہ سبھا آر آنند بھاسکر نے آج بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی ۔ آنند بھاسکر نے حال ہی میں کانگریس سے استعفیٰ دیا تھا۔ نئی دہلی میں مرکزی وزیر جے پی نڈا کی موجودگی میں آنند بھاسکر بی جے پی میں شامل ہوئے ۔ مرکزی وزیر نے انہیں پارٹی کا کھنڈوا پہنایا اور استقبال کیا ۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے آنند بھاسکر نے کہا کہ وہ 25 سالہ طویل خدمات کے بعد کانگریس سے علحدگی اختیار کر رہے ہیں۔ 10 دن تک انہوں نے صورتحال کا جائزہ لیا اور اپنے حامیوں سے مشاورت کے بعد بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی علاقائی جذبات سے ابھرنے میں ناکام ہوچکی ہے ۔ تلنگانہ کی عزت نفس اور ملک کی سالمیت کیلئے بی جے پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی ترقی کیلئے وہ اقدامات کریں گے ۔ بی جے پی تلنگانہ کی ترقی میں سنجیدہ ہیں۔ واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں کانگریس کے اہم قائدین ڈی کے ارونا ، پی سدھاکر ریڈی نے بی جے پی میں شمولیت اختیار کرلی۔ ڈی کے ارونا کو بی جے پی نے حلقہ لوک سبھا محبوب نگر سے اپنا امیدوار بنایا ہے ۔