کانگریس کے مستحق کارکنوں کو عنقریب نامزد عہدے: بھٹی وکرامارکا

   

خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو بلا سودی قرض، برقی خریداری پر عدالتی تحقیقات حق بجانب، تلنگانہ میں انتخابی وعدوں پر عمل آوری

حیدرآباد۔/19 جون، ( سیاست نیوز) ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ تلنگانہ حکومت فلاحی اسکیمات اور عوام سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں سنجیدہ ہے۔ حکومت کمزور معاشی صورتحال کے نتیجہ میں قرض حاصل کرتے ہوئے فلاحی اسکیمات پر عمل کا منصوبہ رکھتی ہے۔ گاندھی بھون میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ حکومت نے وعدہ کے مطابق 100 دنوں میں 5 ضمانتوں پر عمل آوری کا آغاز کیا ہے جبکہ کسانوں کی قرض معافی اسکیم پر 15 اگسٹ سے قبل عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ حکومت اسکیم پر عمل آوری کے رہنمایانہ خطوط کا تعین کررہی ہے۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس کو آئندہ پانچ برسوں میں ایک لاکھ کروڑ بلاسودی قرض فراہم کئے جائیں گے۔ حکومت سیلف ہیلپ گروپس کو معاشی طور پر مستحکم کرتے ہوئے خواتین کی پسماندگی دور کرنا چاہتی ہے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ اسمبلی اور لوک سبھا انتخابات میں پارٹی کی کامیابی کیلئے محنت کرنے والے کارکنوں کی تفصیلات ہائی کمان کو فراہم کردی گئی ہیں اور بہت جلد حقیقی اور مستحق کارکنوں کو نامزد عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے دس سالہ دور حکومت میں مختلف مسائل کا سامنا کرتے ہوئے پارٹی کیڈر نے کانگریس کے پرچم کو بلند رکھا۔ قربانیاں دینے والے کارکنوں کو مستحقہ مقام دیا جائے گا اور نامزد عہدوں میں مکمل انصاف ہوگا۔ بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ کسانوں کو قرض معافی کے معاملہ میں حکومت اپنے عہد کی پابند ہے اس سلسلہ میں کسی کو شک کی گنجائش نہیں۔ 15 اگسٹ سے قبل کسانوں کے قرضہ جات معافی اسکیم پر عمل آوری کا آغاز ہوگا۔ انہوں نے قومی سطح پر ذات پات پر مبنی مردم شماری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ مردم شماری کے ذریعہ پسماندہ طبقات کی حقیقی تعداد کا پتہ چلے گا اور انہیں سرکاری اسکیمات میں آبادی کے اعتبار سے حصہ داری مل سکتی ہے۔ راہول گاندھی نے کانگریس زیر اقتدار ریاستوں میں ذات پات پر مبنی مردم شماری کی ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی حکومت کو ذات پات پر مبنی مردم شماری کے ذریعہ کمزور طبقات کو انصاف فراہم کرنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ کالیشورم اور اس کے تحت بیاریجس کی تعمیر میں نقائص کی جانچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میڈی گڈہ بیاریج میں ریت کی صفائی تک مرمتی کام انجام نہیں دیئے جاسکتے۔ ڈپٹی چیف منسٹر نے کہا کہ مرکزی حکومت کے بجٹ کی بنیاد پر تلنگانہ کا ریاستی بجٹ پیش کیا جائے گا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مرکزی حکومت تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کرے گی۔ ایک سوال کے جواب میں بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ برقی خریدی معاہدات کی عدالتی تحقیقات کیلئے کانگریس نے سابق بی آر ایس دور حکومت میں وزیر برقی جگدیش ریڈی سے مطالبہ کیا تھا۔ اسمبلی میں بھی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا تھا لیکن اب کانگریس حکومت کی جانب سے تحقیقاتی کمیشن پر بی آر ایس کو اعتراض ہے۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی نے ملک بھر میں بھارت جوڑو یاترا کے ذریعہ سیکولر اور جمہوری طاقتوں کو مستحکم کیا ہے۔ انہوں نے آبادی کے اعتبار سے پسماندہ اور کمزور طبقات کو حکومت کی اسکیمات کے فوائد پہنچانے کی تائید کی۔ تلنگانہ کی کانگریس حکومت راہول گاندھی کے نظریہ پر عمل پیرا ہے۔ راہول گاندھی کو سالگرہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے بھٹی وکرامارکا نے کہا کہ راہول گاندھی کی قیادت میں کانگریس پارٹی سیکولرازم، دستور اور جمہوریت کے تحفظ کی جدوجہد جاری رکھے گی۔1