کانگریس کے منحرف ارکان اسمبلی کے خلاف سپریم کورٹ میں درخواست سے دستبرداری

   

حیدرآباد۔/21 مئی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے 2018 اسمبلی انتخابات کے بعد بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرنے والے 12 ارکان اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی سے سپریم کورٹ میں دستبرداری اختیار کرلی ہے۔ منحرف ارکان اسمبلی کو نااہل قرار دینے کیلئے سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی گئی تھی لیکن عدالت نے دلائل پیش کرنے میں غیر معمولی تاخیر پر درخواست کو مسترد کرنے کا فیصلہ کیا جس کے بعد پارٹی نے درخواست سے دستبرداری اختیار کرلی۔ 12 ارکان اسمبلی نے جو کانگریس کے منتخب ارکان میں دو تہائی تعداد پر مشتمل تھے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی اور کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے انضمام کا اعلان کیا۔ درخواست گذار سی ایل پی لیڈر بھٹی وکرامارکا نے جسٹس سنجو کھنہ اور جسٹس این ایم سندریش کے اجلاس پر درخواست واپس لے لی۔ بنچ نے کہا تھا کہ وہ درخواست گذار کی جانب سے تاخیر کے سبب درخواست کو مسترد کررہے ہیں۔ اسمبلی کے اسپیکر پوچارم سرینواس ریڈی نے ارکان کو نااہل قرار دینے کی درخواست پہلے ہی مسترد کردی ہے۔ اسپیکر اسمبلی نے درخواست گذاروں کو اپنے فیصلہ کی تفصیلات سے واقف کرایا تھا۔ اس مسئلہ پر کانگریس کو ہائی کورٹ میں بھی مایوسی ہوئی تھی۔ واضح رہے کہ 2018 میں کانگریس کے 17 ارکان اسمبلی منتخب ہوئے تھے جن میں سے 12 نے بی آر ایس میں شمولیت اختیار کرلی۔ر